پنچایت سکریٹریز کی خدمات باقاعدہ بنانے چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت

   

ولیج ریوینیو اسسٹنٹس کو مختلف محکمہ جات میں ضم کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔/12جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پنچایت سکریٹریز جنہوں نے چار سالہ ٹریننگ کی تکمیل کی ہے انہیں باقاعدہ بنانے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے ولیج ریوینیو اسسٹنٹس کی خدمات کو دیگر محکمہ جات میں ضم کرنے کی ہدایت دی۔ وی آر ایز کی تعلیمی قابلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر انہیں آبپاشی اور دیگر محکمہ جات میں ضم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا۔ پنچایت سکریٹریز جنہوں نے انہیں دیئے گئے نشانہ میں دوتہائی کی تکمیل کرلی ہو انہیں میرٹ کی بنیاد پر باقاعدہ بنایا جائے گا۔ ضلعی سطح پر قائم کی جانے والی کمیٹیاں اس معاملہ کا جائزہ لیں گی۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری شانتی کماری کو ہدایت دی کہ پنچایت سکریٹریز کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے اقدامات کریں۔ پرنسپل سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ اور کمشنر پنچایت راج ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر کے احکامات کے مطابق پیش رفت شروع کردی ہے۔ پنچایت راج سکریٹریز کو دیہاتوں میں صحت و صفائی کے کاموں کی ذمہ داری دی گئی۔ حکومت نے شجرکاری اور پودوں کی نگہداشت کی ذمہ داری دی اور کئی پنچایت سکریٹریز نے ریاست بھر میں اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کئی پنچایتوں کو قومی ایوارڈ کا حصول قابل ستائش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنچایت سکریٹریز دیہاتوں میں معیاری تبدیلیوں کیلئے کام کریں گے۔ ولیج ریوینیو اسسٹنٹس کی خدمات کو محکمہ جات میں ضم کرنے کیلئے عہدیداروں کو ایک ہفتہ کا وقت دیا گیا ہے۔ کابینی سب کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں ریاستی وزراء جگدیش ریڈی، ستیہ وتی راٹھور اور کے ٹی آر شامل ہیں۔ر

کابینی سب کمیٹی ولیج ریوینیو اسسٹنٹس سے رائے حاصل کرے گی۔ر