پنچایت چناؤ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کے آج سے دورۂ اضلاع

   

مکتھل میں جلسہ ‘کتہ گوڑم، کریم نگر، عادل آباد، ورنگل اور نلگنڈہ کے پروگرام کو قطعیت
حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پنچایت راج اداروں کے چناؤ کے پیش نظر کل یکم ڈسمبر سے اضلاع کے دورہ کا منصوبہ بنایا ہے۔ 6 روزہ دورہ کے پروگرام کو قطعیت دی گئی جس کے تحت چیف منسٹر 6 اضلاع کے کسی اور اسمبلی حلقہ کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ چیف منسٹر 6 اضلاع میں عام جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے دو برسوں میں حکومت کی کارکردگی سے عوام کو واقف کرائیں گا۔ ریونت ریڈی حکومت نے 7 ڈسمبر کو حلف لیا تھا اور چیف منسٹر دو سالہ کارکردگی عوام کے درمیان پیش کرتے ہوئے پنچایت راج اور دیگر مقامی اداروں کے چناؤ میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ چیف منسٹر ہر ضلع میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کریں گے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے 3 مراحل میں پنچایت راج چناؤ کا اعلان کیا ہے جو 11، 14 اور 17 ڈسمبر کو منعقد ہوں گے۔ اگرچہ انتخابات غیر سیاسی اساس پر منعقد ہوں گے لیکن کانگریس کے تائیدی امیدواروں کی کامیابی کے لئے چیف منسٹر اضلاع کے دورے کرتے ہوئے عوام سے خطاب کریں گے۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق ریونت ریڈی یکم ڈسمبر کو محبوب نگر ضلع کے مکتھل اسمبلی حلقہ کا دورہ کریں گے اور عوامی جلسہ سے خطاب کریں گے۔ 2 ڈسمبر کو کھمم ضلع کے کتہ گوڑم، 3 ڈسمبر کو کریم نگر ضلع کے حسن آباد، 4 ڈسمبر کو عادل آباد، 5 ڈسمبر کو ورنگل ضلع کے نرسم پیٹ اور 6 ڈسمبر کو نلگنڈہ ضلع کے دیورکنڈہ کا دورہ کرتے ہوئے چیف منسٹر عہدیداروں اور مقامی قائدین سے ملاقات کریں گے۔ 8 اور 9 ڈسمبر کو فیوچر سٹی میں تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ گلوبل سمٹ کے بعد چیف منسٹر کے دورہ اضلاع کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس اور عوامی نمائندوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ضلع کی ترقیاتی اور فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کریں۔ فلاحی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کی چیف منسٹر سے ملاقات کا اہتمام کیا جائے گا۔ تمام 6 اضلاع سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزراء اور عوامی نمائندے چیف منسٹر کے دورہ کے انتظامات میں مصروف ہوچکے ہیں۔ پنچایت راج اداروں کے بعد ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی اور میونسپلٹیز کے انتخابات ہوں گے۔ 1