پنڈتوں کی گھر واپسی پر محبوبہ نے گیلانی کے بیان کا خیر مقدم کیا

   

سری نگر۔ 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بزرگ حریت لیڈر سید علی گیلانی کے اس بیان کہ ہم پنڈتوں کی گھر واپسی کے دل کی عمیق گہرائیوں سے متمنی ہیں ، کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہر کشمیری کی دلی آرزو ہے ۔سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: ‘گیلانی صاحب کے بیان کا خیر مقدم کرتی ہوں، یہ جذبہ ہر کشمیری مسلمان کے دل میں ہے کہ ان کے پنڈت بھائی اپنے وطن واپس لوٹیں، ان کی ہجرت سے پیدا شدہ خلا تب تک پُر نہیں ہوسکتی جب تک نہ وہ عزت و وقار کے ساتھ وطن واپس لوٹیں گے ‘۔قابل ذکر ہے کہ ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے گزشتہ روز کہا کہ ریاستی انتظامیہ نے ایسی جگہوں یا مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں پنڈتوں کے لئے علاحدہ بستیوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔تاہم حریت کانفرنس پنڈتوں کو الگ کالونیوں میں بسانے کے خلاف ہے ۔