ملک کی ترقی میں آنجہانی وزیراعظم کا اہم رول، سینئر قائدین کا خطاب
حیدرآباد: سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی برسی کے موقع پر کانگریس پارٹی کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ گاندھی بھون اور عابڈس پر واقع جواہر لال نہرو کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے ۔ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ ، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو ، پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن ، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس ایس کے افضل الدین ، سکریٹری پردیش کانگریس محمد امتیاز کے علاوہ محمد جمیل ، راجندر یادو اور دوسروں نے بھی پنڈت جواہرلال نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو ہندوستان کی ترقی کے معمار ہیں اور انہوں نے ہندوستان کو عالمی سطح پر شناخت دی ہے۔ جدوجہد آزادی میں حصہ لینے کے بعد پنڈت جواہر لال نہرو اور ان کے سارے خاندان نے ملک کی خدمت کیلئے خود کو وقف کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اتحاد ، یکجہتی اور سیکولرازم کی بقاء کیلئے پنڈت نہرو کی خدمات کو فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ ان کے بعد اندرا گاندھی اور پھر راجیو گاندھی نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس دور حکومت میں ہندوستان نے جو ترقی کی ہے اسے نریندر مودی حکومت آگے بڑھانے کے بجائے ملک کو پسماندگی کا شکار بناچکی ہے۔