پنڈت جواہر لال نہرو کی برسی، کانگریس قائدین کا خراج عقیدت

,

   

نئی دہلی :ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی 60 ویں برسی کے موقع پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے اور سابق صدر راہول گاندھی نے بھر پور خراج عقیدت پیش کیا۔ پنڈت نہرو کی سمادھی ’شانتی ون‘ پر یہ قائدین حاضر ہوئے اور پھول نچھاور کئے۔ اس موقع پر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ پنڈت نہرو نے اپنی موثر قیادت اور مضبوط فیصلوں سے جدید ہندوستان کی بنیاد رکھی۔ملک کی جدیدیت، ترقی اور اتحاد کیلئے پنڈت نہرو کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنڈت نہرو نے کہا تھا کہ ملک کی حفاظت، ملک کی ترقی، ملک کا اتحاد ہم سب کا قومی مذہب ہے۔ ہم مختلف مذاہب کی پیروکار ہو سکتے ہیں، مختلف ریاستوں کے باشندے ہوسکتے ہیں، مختلف زبانیں بولنے والے ہوسکتے ہیں لیکن اس سے ہمارے درمیان کوئی دیوار نہیں بننی چاہیے۔ تمام لوگوں کو ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے ملک میں کچھ لوگ بہت امیر ہوں اور زیادہ تر لوگ غریب ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی کانگریس پارٹی ‘انصاف’ کے اسی راستے پر چل رہی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ پنڈت نہرو نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی، جمہوریت کے قیام، سیکولرازم اور آئین کی بنیاد رکھ کر ہندوستان کی تعمیر کیلئے وقف کر دی۔ ان کے اقدار سے ہمیشہ ہمیں رہنمائی ملتی رہے گی۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے ملک کے مختلف حصوں میں سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی برسی کے موقع پر مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پنڈت جوارلا نہرو کو جدید ہندوستان کا معمار کہا جاتا ہے۔