پنڈورا پیپرز :ایف بی آر کی تحقیقات کا آغاز

   

اسلام آباد : پنڈورا لیکس میں پاکستانی سیاستدانوں، کاروباری افراد اور سابق سرکاری افسران کے نام آنے کے بعد ایف بی آر نے ایسے تمام افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جن کے نام سامنے آئے ہیں۔ ایف بی آر کے ایک اعلیٰ افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ پنڈورا لیکس آنے کے فوری بعد سے وفاقی حکومت نے ایف بی آر کو کھاتوں کی چھان بین کی ہدایات کر دی تھیں۔’حکومت نے بڑے پیمانے پر تحقیقات کے لیے ایف بی آر کو لکھ دیا تھا۔ اس وقت ایک درجن بہترین افسران کی ٹیم بنا دی گئی ہے جو پنڈورا لیکس میں آنے والے سات ناموں کے تمام کھاتوں کی پڑتال کرے گی۔‘انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر کی پنڈورا لیکس پر بنائی گئی ٹیم نہ صرف تمام افراد کے کھاتوں کی جانچ کرے گی بلکہ آف شور کمپنیوں سے متعلق بھی ہر طرح کا مواد اکھٹا کیا جائے گا۔پنڈورا لیکس میں جو حقائق آئے ہیں ان سے اب تک یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ جن پاکستانیوں کے نام آئے ہیں انہوں نے کس حد ملکی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس حوالے سے بھی ٹیم کو یہ اہم کام دیا گیا ہے تاکہ اگر ان معلومات کی بنیاد پر اگر مقدمات بنائے جاتے ہیں تو قانون کی مدد کس حد تک حاصل کی جاسکتی ہے۔‘ ایف بی آر کے اعلیٰ عہدیداران کے مطابق وفاقی حکومت نے ابتدائی رپورٹ کے لیے محکمہ کو 15دن کا وقت دیا ہے۔