پوار ۔ سونیا ملاقات آج شاید نہ ہو، این سی پی میٹنگ متوقع

,

   

ممبئی ۔ 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی اور این سی پی سربراہ شرد پوار کے درمیان دہلی میں اتوار کو ملاقات شاید منعقد نہیں ہوگی۔ اس میٹنگ میں مہاراشٹرا میں شیوسینا کے ساتھ ممکنہ اتحاد پر غوروخوض کیا جانے والا تھا۔ ذرائع نے کہا کہ پوار نے پونے میں اتوار کو این سی پی کی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے، جو انھیں وقت پر دہلی پہنچنے میں شاید مانع ہو۔ قبل ازیں دونوں پارٹیوں کے ذرائع نے کہا تھا کہ سونیا گاندھی اور شرد پوار کی ملاقات اتوار کو ہوسکتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کور کمیٹی کی میٹنگ پونے میں 4 بجے سہ پہر شروع ہوگی۔ اس کے بعد پوار شام میں دہلی کیلئے روانہ ہوں گے۔ لہٰذا، سونیا گاندھی کے ساتھ اُسی روز ملاقات ممکن نظر نہیں آرہی ہے۔ کور کمیٹی ممکن ہے این سی پی، کانگریس اور شیوسینا کی مجوزہ مخلوط حکومت میں قلمدانوں کے الاٹمنٹ پر غور کرے گی۔ اس سے قبل مہاراشٹرا میں شیوسینا کے ساتھ امکانی حکومت سازی کے مسئلہ پر غور و خوض کے لئے سونیا گاندھی اور شردپوار کی دہلی میں اتوار کو ملاقات کی اطلاع دی گئی تھی ۔ تینوں جماعتوں نے پہلے ہی مشترکہ اقل ترین پروگرام کے مسودہ کو قطعیت دے دی ہے ۔ کانگریس اور این سی پی ذرائع نے بتایا کہ دونوں قائدین کی ملاقات میں تینوں جماعتوں کے درمیان قلمدان مختص کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے ۔ شیوسینا ۔ کانگریس اور این سی پی ، مہاراشٹرا میں تشکیل حکومت کے لئے سرگرم عمل ہیں ، جہاں /12 نومبر سے صدر راج نافذ کردیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی شام سونیا گاندھی اور شردپوار کی ملاقات ہوگی جس میں مختلف امور پر بات چیت کی جائے گی۔ این سی پی کی خواہش ہے کہ کانگریس بھی حکومت میں شامل ہوجبکہ کانگریس باہر سے تائید کرنا چاہتی ہے ۔ یہاں پر تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ /21 اکٹوبر کو منعقدہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اور شیوسینا نے مل کر حصہ لیا تھا اور بالترتیب (105) اور (56) نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ ان کو حکومت کی تشکیل کیلئے اکثریت حاصل ہوگئی تھی لیکن چیف منسٹر کے عہدہ میں حصہ داری پر دونوں میں اختلاف پیدا ہوگیا ۔بی جے پی نے شیوسینا کے مطالبہ کو قبول کرنے سے انکار کردیا ۔