پوتن نے کی شمالی کوریا کے فوجیوں کی تعریف

   

کورسک کی آزادی کیلئے آپ کے بہادر فوجیوں کا شکریہ ، چین میں پوتن ۔ کم جونگ ملاقات

ماسکو : 3ستمبر ( ایجنسیز ) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے، یوکرین جنگ میں شمالی کوریا کے فوجیوں کی شاندار کارکردگی پر، چہارشنبہ کے روز شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اْن کا شکریہ ادا کیا ہے۔پوتن نے،چین میں ،شمالی کوریا کے صدر کِم جونگ اْن کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ جیسا کہ معلوم ہے کہ آپ کی خصوصی افواج نے کورسک کی آزادی میں حصہ لیا ہے۔آپ کے فوجی یوکرین جنگ میں نہایت بہادری اور جواں مردی سے لڑے ہیں۔پوتن نے کہا ہے کہ میں یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم کبھی بھی آپ کی مسلح افواج اور آپ کے فوجیوں کے خاندانوںکی قربانیاں فراموش نہیں کریں گے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہماری اس مشترکہ جنگ میں شرکت پر، میں ،روسی عوام کی جانب سیآپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔پوتن نے کہا ہے کہ میری آپ سے درخواست ہے کہ میرے دِلی جذباتِ تشّکر کو جمہوریہ کوریا کے تمام عوام تک پہنچا دیں۔اگست کے وسط میں، پوتن نے کم کو ایک خط بھیجا تھا جس میں یوکرین کے خلاف جنگ میں شمالی کوریائی فوجیوں کی خدمات کو سراہا گیاتھا۔کوریا کی، جاپانی حاکمیت سے، آزادی کی سالگرہ کے موقع پر ارسال کردہ اس خط میں پوتن نے یاد دلایا تھا کہ کس طرح سوویت ریڈ آرمی یونٹیں اور شمالی کوریائی افواج نے مل کر جاپان کے نوآبادیاتی قبضے کو ختم کرنے کے لیے جنگ لڑی تھی۔واضح رہے کہ شمالی کوریا کے فوجیوں نے اس سال کے آغاز میں روس کے مغربی علاقے کورسک سے یوکرینی افواج کو نکالنے میں روسی فوجوں کی مدد کی تھی۔گذشتہ سال پوتن کے دورہ شمالی کوریا کے دوران دونوں ممالک نے دو طرفہ دفاعی معاہدے پر بھی دستخط کیے تھے۔ اس باہمی ربط و ضبط کی وجہ سے روس اور شمالی کوریا کے باہمی تعلقات میں مسلسل قربت آ رہی ہے۔شمالی کوریا نے اپریل میں پہلی باریوکرین کے خلاف جنگ میں روسی افواج کے ساتھ محاذ پر لڑنے کے لئے اپنے فوجیوں کی ایک یونٹ متعین کرنے کی تصدیق کی تھی۔جنوبی کوریا اور مغربی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے مطابق پیانگ یانگ نے 2024 میں روس کے علاقے ‘کورسک’ میں 10,000 سے زیادہ فوجی بھیجے۔اس مدد میں توپ خانے کے گولے، میزائل اور طویل مار والے راکٹ سسٹم بھی شامل تھے۔سیول کے مطابق روس کی طرف سے لڑتے ہوئے شمالی کوریا کے تقریباً 600 فوجی ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔