ماسکو ۔ 17 مئی (ایجنسیز) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ انہوں نے عرب ملکوں کے رہنماؤں اور عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کو پہلی روس عرب سربراہی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ میڈیا کے مطابق روسی خبر رساں ایجنسیوں نے ہفتہ کو ماسکو کے صدارتی دفتر کریملن سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ کانفرنس رواں سال 15 اکتوبر کو ہوگی۔ خبر رساں ایجنسی انٹرفیکس کے مطابق روسی صدر سے منسوب بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مجھے یقین ہے کہ اس کانفرنس سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور متعدد شعبوں میں تعاون ہمارے ملکوں کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ اس سے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطہ میں سیکوریٹی، امن اور استحکام یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ عرب لیگ تنظیم میں 22 ملک شامل ہیں۔ یہ تنظیم مشرق وسطیٰ کے عرب ملکوں اور افریقہ کے شمالی حصہ میں واقع ممالک کی نمائندگی کرتی ہے۔ تنظیم میں شامل ممالک دیگر شعبوں کے علاوہ علاقائی سیاست، معاشی اور فوجی امور پر علاقائی تعاون کرتے ہیں۔
روس کے صدارتی دفتر کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکہ کے صدر خلیجی ملکوں کا چار روزہ دورہ مکمل کر کے واپس گئے ہیں۔ واشنگٹن نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے اس دورہ میں متعدد معاہدہ کیے گئے جن میں سے سعودی عرب کی جانب سے امریکہ میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور 142 ارب ڈالر کی اسلحہ خریداری کے علاوہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں شراکت داری کے منصوبہ شامل ہیں۔