ماسکو؍واشنگٹن، 16 اگست (یواین آئی) الاسکا میں جمعہ کے روز امریکہ۔روس سربراہی اجلاس کے دوران صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پوتن نے جنگ کے خاتمے کے حصے کے طور پر ممکنہ زمینی تبادلے کے طویل عرصے سے زیرِ بحث موضوع پر بات چیت کی۔’دی گارڈین‘ کے مطابق روسی صدر نے مبینہ طور پر اپنے امریکی ہم منصب سے کہا کہ وہ ڈونیتسک اور لوہانسک پر مکمل کنٹرول کے بدلے میں تمام دشمنیاں ختم کرنے کیلئے تیار ہیں۔اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے ، تاہم کہا جارہا ہے کہ سربراہی اجلاس ماسکو کے حق میں کافی جھکا ہوا تھا، جس سے کسی ممکنہ سمجھوتے کے امکانات کا اشارہ ملتا ہے ۔ اگرچہ دونوں فریقین مکمل اتفاق رائے تک نہیں پہنچ سکے ، لیکن دونوں رہنماؤں نے مذاکرات کو تعمیری قرار دیا۔