عمان۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایشین چمپین پوجا رانی 75 کیلوگرام زمرہ میں پہلی ہندوستانی باکسر بن گئی ہیں جنہوں نے جاریہ سال ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ انہوں نے کانٹیننٹل کوالیفائر کے سیمی فائنل میں رسائی اور تھائی لینڈ کی پورنیپا کیوٹی کو ہرایا۔ ہندوستان کی 29 سالہ پوجا رانی نے 18 سالہ اپنی حریف کو بہ آسانی شکست دے کر نہ صرف میڈیا کے حصول کو یقینی بنالیا بلکہ اولمپکس کیلئے کوالیفائی بھی کرلیا۔ یہ مقابلہ ایشیا اوشین کوالیفائنگ ٹورنمنٹ میں ہوا۔ اس طرح وکاس کرشن نے مسلسل تیسری مرتبہ اولمپک کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ انہوں نے ایشین باکسنگ کوالیفائرس میں جاپان کے باکسر کو 69 کیلو زمرہ میں ہرا دیا۔ عمان میں جاری ایشین باکسنگ کوالیفائرس مقابلوں میں دیگر چار ہندوستانی بھی اپنی قیمت آزما رہے ہیں۔