نئی دہلی : دہلی ہائی کورٹ نے برطرف ٹرینی آئی اے ایس پوجا کھیڈکر کی گرفتاری پر لگی روک 29 اگست تک بڑھا دی ہے۔ عدالت 29 اگست کو پوجا کھیڈکر کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر بھی سماعت کرے گی۔ کیس کی سماعت کے دوران پوجا کھیڈکر کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل سدھارتھ لوتھرا نے کہا کہ یو پی ایس سی کا جواب رات دیر گئے موصول ہوا۔ اسے پڑھنے میں وقت لگے گا۔ اس لیے جواب داخل کرنے کے لیے وقت درکار ہے۔ جس کے بعد عدالت نے وقت دیا ہے۔پچھلی سماعت میں ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ ٹرائل کورٹ نے کھیڈکر کے خلاف الزامات کو اس قدر سنجیدگی سے لیا کہ ضمانت کے پہلو پر صحیح طریقے سے غور نہیں کیا گیا۔ پولس نے پوجا کھیڈکر کے خلاف فرضی سرٹیفکیٹ کے ذریعے سول سروسز کا امتحان دینے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی ہے۔پچھلی سماعت میں دہلی ہائی کورٹ نے پوجا کھیڈکر کی طرف سے دائر ایک اور عرضی کو نمٹا دیا تھا اور کھیڈکر کو مناسب فورم سے رجوع کرنے کی اجازت دی تھی۔کیس کی سماعت کے دوران، یو پی ایس سی نے دہلی ہائی کورٹ کو بتایا تھا کہ وہ پوجا کھیڈکر کو دو دن کے اندر اپنی امیدواری کو مستقل طور پر منسوخ کرنے کے حکم کے بارے میں مطلع کرے گی۔ پوجا کھیڈکر کے وکیل نے کہا تھا کہ وہ خاص طور پر دو کارروائیوں کی درخواست کر رہی ہیں۔ امیدواری کی منسوخی کا حکم اور منسوخی سے متعلق پریس ریلیز کی منسوخی کا مطالبہ۔