حیدرآباد۔/13ڈسمبر، ( سیاست نیوز) بالاپور کے علاقہ میں ایک شخص نے مبینہ طور پر تانترک کا قتل کردیا۔ پوجا کے بہانے گھر سے بالاپور لے جاکر اس نے قاتلانہ حملہ کرتے ہوئے 45 سالہ ست نارائنا کا قتل کردیا۔ تاخیر سے منظر عام پر آئی اس واردات میں بالا پور پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ست نارائنا جو کرمن گھاٹ علاقہ کا ساکن تھا 8 ڈسمبر سے لاپتہ ہوگیا تھا۔ سرور نگر پولیس میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی گئی تھی جو کل پولیس بالا پور کو دیوتلہ گٹہ بالا پور میں مردہ دستیاب ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق نرسنگ راؤ نامی شخص نے 8 ڈسمبر کو پوجا کے بہانے ستیہ نارائنا کو بالا پور علاقہ میں طلب کرنے کے بعد پہلے اس پر چاقو سے وار کیا۔ اس وار سے بچ کر فرار ہونے کی کوشش کے دوران ست نارائنا گڑھے میں گر گیا۔ اس دوران اس پر وزنی پتھر ڈال کر نرسنگ راؤ نے مبینہ طور پر اس کا قتل کردیا۔ نرسنگ راؤ کی بیوی کی حالیہ دنوں موت ہوئی تھی اور نرسنگ راؤ کو ست نارائنا پر شبہ تھا کہ اس تانترک کی پوجا کے ذریعہ اس کی بیوی کی موت ہوئی ہوگی۔ جس نے یہ اقدام کیا۔ بالاپور پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی۔ پولیس بالا پور نے ایک مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔