پودوں کی حفاظت کے تحت خصوصی لائحہ عمل تیار کریں : ضلع کلکٹر

   

پداپلی /13 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )مواضعات میں شجرکاری کے تحت لگائے گئے پودوں کی حفاظت کے لئے خصوصی لائحہ عمل تیار کر عمل کرنے کی ضلع کلکٹر سِکتا پٹنائک نے متعلقہ عہدیداروں کو تاکید کی. دھرمارم منڈل کے پتی پاکا موضع میں روزگار ضامن کاموں’ نرسری کاموں کا معائنہ ‘ سرکاری تحتانوی و فوقانوی مدارس کا ضلع کلکٹر نے بروز منگل دورہ کیا اور متعلقہ عہدیداروں کو چند ہدایات پیش کیں. حکومت کے احکامات کے مطابق مواضعات میں اہل افراد کو جاب کارڈ مہیا کرنے’ ہر کسی کو لازمی طور پر روزگار ضامن کے تحت کام فراہم کرنے کی ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو تاکید کی. موسم گرما کے پیش نظر نرسری میں پودوں کی حفاظت کے تحت پانی کی سربراہی کے لئے موثر انتظام کرنے کی کلکٹر نے ہدایت کی. نرسری میں پودوں کی افزائش سے متعلقہ تفصیلات عہدیداروں سے دریافت کیں. مواضعات میں پلے پرگتی کاموں کی پیشرفت سے متعلق کلکٹر نے عہدیداروں سے تفصیلات دریافت کیں. بعد ازاں سرکاری مدرسہ تحتانیہ و فوقانیہ کا دورہ کیا اور مدرسہ کے حدود میں واقع کچن گارڈن کا معائنہ کیا. ہریتا ہارم مقاصد کے حصول کے تحت مواضعات میں پودوں کی افزائش کے لئے نرسری میں پودوں کو تیار رکھنے کی عہدیداروں کو تاکید کی. ریاستی وزیر بہبود کے احکامات کے بموجب مواضعات میں موجودہ آبپاشی ایس آرایس پی کنالوں کے کاموں کو ترجیح دینے کی ہدایت دی. کووڈ۔ 19 وائرس پر قابو پانے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے روزگار ضامن کاموں کو انجام دینے ‘ سماجی فاصلہ بنائے رکھتے ہوئے مزدوروں کو لازماً ماسک لگانے کے تحت اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو تاکید کی۔اس موقع پر ضلعی دیہی ترقیاتی عہدیدار ونود کمار’ ضلع پنچایت آفیسر سدرشن’ دھرمارم منڈل کے خصوصی عہدیدار و ضلع مارکٹنگ آفیسر پروین ریڈی’ دھرمارم تحصیلدار سمپت’ گرام سرپنچ’ ایم پی ٹی سی’ ایم پی پی’ زیڈ پی ٹی سی’ عوامی نمائندے اور متعلقہ عہدیدار ضلع کلکٹر کے ہمراہ موجود تھے.۔