کریم نگر میں ریاستی وزیر گنگولا کملاکرکی عہدیداروں کو ہدایت
کریم نگر۔ہریتا ہارم کے تحت لگائے جارہے ہر پودے کی نگہبانی کیلئے پانی کی سربراہی کی ریاستی وزیر بہبود برائے پسماندہ طبقات و سیول سپلائیزگنگولا کملاکر نے ہدایت دی۔ بروز جمعرات چھٹویں مرحلہ ہریتا ہارم کے تحت وزیر موصوف نے ودیا نگر ویٹرنری پالی ٹیکنک کالج میں ضلع کلکٹر کریم نگر ششانک ، مئیر سنیل راؤ ، میونسپل کمشنر کرانتی کے ہمراہ ہریتا ہارم پروگرام کے تحت شجرکاری کی۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے کالج میں پچھلے ہریتا ہارم میں لگائے گئے پودوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کالج عملہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ لگائے جارہے ہر پودے کی نگہبانی کیلئے اقدامات کئے جائیں ، پانی کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ کالج کے احاطہ میں 35 ایکر اراضی پر موجود خالی جگہوں پر بلاک پلانٹیشن کے طریقہ کار سے شجرکاری کرنے ، میونسپل کارپوریشن کے تعاون سے پانی کی دستیابی کیلئے اقدامات کی ہدایت دی۔ ماہ جولائی کے آخر تک طئے کردہ ہدف کی تکمیل کیلئے شجرکاری کی ہدایت دی۔ شہر میں اے ای واری سپرد کردہ ہدف کی تکمیل کیلئے پودے لگائے جائیں۔ شہر میں اہم شاہراہوں ، ڈیویژن میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کیلئے اقدامات کی صلاح دی۔ اس اجلاس میں کارپوریٹر بھاگیا لکشمی پرشانت ، کالج پرنسپل ٹی سریلتا ، ای ای رامن ، اے ای موہن ریڈی، انچارج نریندر و دیگر نے شرکت کی۔