ٹرینیڈاڈ ۔ویسٹ انڈیز نے3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریزکے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو بری طرح شکست دی ہے۔ ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 177 رنزکا ہدف دیا تھا۔ ویسٹ انڈیز نے13گیندیں باقی رہ کر اس کا تعاقب کیا۔ نکولس پوران اس کامیابی کے سب سے بڑے ہیرو ثابت ہوئے ۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی منتخب کیا گیا۔ اس میچ میں پورن نے جنوبی افریقہ کے بولروںکو بری طرح پٹائی کی ۔ انہوں نے250 کے اسٹرائیک ریٹ سے 26 گیندوں پر 65 رنزکی طوفانی اننگز کھیل کر میچ کو یکطرفہ کردیا۔ اس دوران انہوں نے میدان کے چاروں سمت چوکے اور چھکے بھی لگائے۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 176 رنز بنائے۔ اس کا تعاقب کرنے آئے ویسٹ انڈیز کے اوپنرز ایلک اتھانجے اور شی ہوپ نے صرف 8 اوورز میں 84 رنز بنائے۔ جب اتھاناجے 30گیندوں میں 40 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو ٹیم کو جیت کے لیے 12 اوورز میں93 رنز بنانے تھے۔ اس کے بعد وکٹ کیپر بیٹر نکولس پوران بیٹنگ کے لیے آئے اور جنوبی افریقہ کے بولروں پر تہلکہ مچادیا۔ انہوں نے آتے ہی چھکوں کی بارش شروع کر دی اور صرف 26 گیندوں پر 65 رنز بنائے۔ پوران نے اس دھماکہ خیز اننگز میں 7 چھکے اور2 چوکے لگائے۔ اس کے ساتھ وہ ویسٹ انڈیز کے لیے سب سے زیادہ باؤنڈری لگانے والے بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ 65 رنزکی اس اننگز میں پوران نے باؤنڈری سے56 رنز بنائے۔ انہوں نے جنوبی افریقی فاسٹ بولر ناندرے برگرکے ایک اوور میں لگاتار4 چھکے بھی مارے۔ ایڈن مارکرم کی ٹیم پران کی اس دہشت کے سامنے دم توڑگئی۔علاوہ ازیں شی ہوپ نے 36 گیندوں پر51 رنز کی اننگز کھیلی، جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے یہ میچ 13گیندیں قبل ہی 7 وکٹوں سے جیت لیا۔ اس میچ میں شروع سے ہی ویسٹ انڈیزکا غلبہ نظر آ رہا تھا۔ کپتان روومین پاول نے ٹاس جیت کر بولنگ کا انتخاب کیا۔ پہلے بیٹنگ کرنے آئی جنوبی افریقہ کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ ویسٹ انڈیزکے بولروں نے پاور پلے میں ہی4 وکٹیں لے کر سنسنی پیداکردی۔ آدھی ٹیم 8 اوورز میں 42 کے اسکور پر پویلین لوٹ چکی تھی۔ تاہم اس کے بعد ٹریسٹین اسٹبس اور پیٹرک کروگر نے اننگز کو سنبھالا۔ اسٹبس نے 42 گیندوں میں 76 رنز بنائے جبکہ کروگر نے 32 گیندوں میں 44 رنز بنائے۔ اس طرح جنوبی افریقہ 176 رنز بنانے میں کامیاب ہوا لیکن پوران کے طوفان کے سامنے یہ اسکورنا کافی ہوا۔