پٹنہ: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 23 ستمبر کو دو روزہ دورے پر بہار آ رہے ہیں۔ اس دوران ان کی توجہ سیمانچل کے علاقوں پر مرکوز رہے گی۔ یہاں شاہ کے دورے کو لے کر سیاسی بیان بازی شروع ہو گئی ہے۔ دورے کے بارے میں پوچھے جانے پر ریاست کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے کہا کہ پورا بہار جان رہا ہے کہ ان کا مقصد کیا ہے۔ یہ کسی کو بتانے کی ضرورت نہیں۔ ان کا نام سنتے ہی پورے ملک میں چرچا ہے کہ ان کا کام کیا ہے درحقیقت جے ڈی یو (اب آر جے ڈی حلیف) جس نے بی جے پی کے ساتھ حکومت بنائی تھی، نے کہا تھا کہ شاہ فرقہ وارانہ کشیدگی بڑھانے کے لیے بہار آ رہے ہیں۔ تیجسوی نے اپنے ساتھی کے اس موقف کی تائید کی ہے۔ ایک پروگرام سے رخصت ہوتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں اپوزیشن کو اب متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ اگر اپوزیشن متحد ہو جاتی ہے تو بی جے پی کا بچنا مشکل ہو جائے گا۔ جو بہار میں ہوا وہ پورے ملک میں ہو سکتا ہے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران تیجسوی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ اتوار کو ہریانہ میں چودھری دیوی لال کی یاد میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کے بھی دیوی لال سے پرانے تعلقات تھے۔ وہ پروگرام میں ضرور جائیں گے۔