دیوریا 18فروری(سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو کہا کہ پورا ملک شہید جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہے اور پاکستان کو اس کی حماقت کا سخت جواب دیا جائے گا۔ پلوامہ میں شہید دیوریا کے چھتونی گاؤں باشندہ سی آر پی ایف جوان وجے کمار موریہ کے گھر گئے اور شہید کی تصویر پر مالا ڈال کر ان کو خراج عقیدت پیش کی۔ وزیر اعلی نے شہید کی بیوہ وجے لکشمی اور اہل خانہ سے مل کر ان کو دلاسہ دیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان کی اس بزدلانہ حرکت کاکرارہ جواب دیا جائے گا ۔ پورا ملک شہید جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے کہا ہے کہ جوانوں کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔ ایک ایک سے نپٹنے کی تیاری ہے ۔ ملک کے لوگوں سے اس معاملے میں حوصلہ اور حمایت چاہئے ۔ یوگی کے روانہ ہونے کے بعد شہید کی بیوہ وجے لکشمی نے کہا‘‘ ہم وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے آنے سے خوش تو ہیں لیکن مطمئن نہیں ہیں۔شہید کے والد نے وزیر اعلی کو اپنا مطالباتی خط سونپا ہے ۔