پورنوگرافی معاملہ میں ملزم راج کندرا کوسپریم کورٹ نے دی پیشگی ضمانت

   

نئی دہلی: بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر اور تاجرراج کندرا کو پورنوگرافی معاملے میں سپریم کورٹ سے راحت ملی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے راج کندرا کے ساتھ ہی ماڈل شرلن چوپڑا، پونم پانڈے اور امیش کامت کو بھی فحش مواد بنانے اور اسے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر دکھانے کے معاملہ میں پیشگی ضمانت دے دی ہے۔ عدالت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ سبھی ملزمین کو جانچ میں تعاون کرنا چاہیے اور ضرورت پڑنے پر جانچ میں شامل ہونا چاہیے۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ ہی مہاراشٹر سائبر پولیس نے پورنوگرافی معاملے میں راج کندرا، شرلن چوپڑا اور پونم پانڈے کے خلاف فرد جرم داخل کی تھی۔ فرد جرم میں اس بات کا دعویٰ کیا گیا تھا کہ راج کندرا نے ممبئی کے آس پاس واقع فائیو اسٹار ہوٹل میں پورن فلموں کی شوٹنگ کی اور اس کے بعد انھیں او ٹی ٹی پلیٹ فارم کو فروخت کیا۔ راج کندرا نے کروڑوں روپے میں یہ معاہدہ کیا تھا۔اس میں کہا گیا تھا کہ راج کندرا نے پونم اور شرلن کے ساتھ ان فلموں کو شوٹ کیا تھا۔راج کندرا کیخلاف فرد جرم داخل ہونے کے بعد ان کے وکیل کی طرف سے بیان بھی سامنے آیا تھا۔ اس بیان میں وکیل نے کہا تھا کہ اس بارے میں انھیں میڈیا سے ہی جانکاری ملی ہے اور وہ قانون کے حساب سے عدالت میں پیش ہو کر فرد جرم کی کاپی لیں گے۔ اتنا ہی نہیں، وکیل کا کہنا تھا کہ جو الزامات میڈیا رپورٹس اور ایف آئی آر میں بتائے جا رہے ہیں، اس سے ان کے کلائنٹ کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔واضح رہے کہ راج کندرا کو گزشتہ سال جولائی میں موبائل ایپلی کیشن پر فحش فلمیں بنانے اور اَپلوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے قریب دو ماہ بعد انھیں ضمانت ملی تھی۔ اس دوران شلپا شیٹی کو بھی کافی د قتوں کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انھیں طرح طرح کے سوالات کے جواب دینے پڑے تھے۔