پورن نے چھکوں میں گیل کا ریکارڈ توڑ دیا

   

جمائیکا ۔ نکولس پورن عالمی کرکٹ میں اس لیے مشہور ہوئے ہیں کہ وہ چھکے مارنے اور وہ دھماکہ خیز اننگزکے ماہر ہیں۔ ان صلاحیتوں کی وجہ سے نکولس پورن بولروں کے لیے خوف کا دوسرا نام بن گئے ہیں۔ سی پی ایل 2024 میں نکولس پورن کے بیٹ سے چھکوں کی بارش دیکھی گئی۔ انہوں نے اکیلے ہی اتنے چھکے لگائے کہ ٹیم کے باقی بیٹر ان کو ایک ساتھ اسکور نہ کر سکے۔ اس اننگز کے دوران انہوں نے کرس گیل کا سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس کے علاوہ ان کی ٹیم نے سی پی ایل کی تاریخ کا تیسرا سب سے بڑا اسکور بھی بنایا۔ سی پی ایل 2024 کے تیسرے میچ میں ٹرینباگو نائٹ رائیڈرزکا مقابلہ سینٹ کٹس سے ہوا۔ میچ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے پہلے بیٹنگ کی، نکولس پورن کھیل رہے تھے۔ سنیل نارائن اور جیسن رائے کی اوپننگ جوڑی نے 4 اوورز میں 44 رنز جوڑے۔ ان 44 رنز میں اکیلے سنیل نارائن نے صرف 19 گیندوں پر4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد نکولس پورن میدان میں آئے جس کے بعد یہ منظر اور بھی خوفناک ہوگیا۔ نکولس پورن جیسے ہی کریز پر آئے انہوں نے سینٹ کنٹس کے بولروں کو تہس نہس کرنا شروع کر دیا۔ انہوں نے میدان میں چھکے برسائے۔ دوسرے سرے سے جیسن اور پیرس کی وکٹیں ضرور گریں لیکن سینٹ کٹس نکولس پورن کے بیٹ پر قابو نہ پا سکے۔ اس نے بولروں کی پٹائی جاری رکھی۔ نتیجہ یہ نکلا کہ صرف 43 گیندوں پر 225.58 کے اسٹرائیک ریٹ سے97 رنز بنائے جس میں 9 چھکے اور7 چوکے شامل تھے۔ پورن اپنی تیسری ٹی ٹوئنٹی سنچری صرف 3 رنز سے گنوا بیٹھے لیکن وہ کرس گیل کا بہت بڑا ریکارڈ توڑنے میں ضرور کامیاب ہوئے۔ پورن نے ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔کرس گیل نے 2015 میں 135 چھکے لگائے تھے اب جبکہ نکولس پورن 2024 میں اب تک 139 چھکے لگا چکے ہیں۔