چیسٹرلی اسٹریٹ ۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے نوجوان بیٹسمین نیکولاس پورن کی سری لنکا کے خلاف انتہائی شاندار سنچری کو کھلاڑی کی صلاحیتوں کا اظہار قرار دیا ہے اور کہا ہیکہ ورلڈ کپ کے بعد اس ابھرتے کھلاڑی کے کھیل میں مزید نکھار پر توجہ مرکوزکی جائے گی۔ سری لنکا کے خلاف 339 رنز کے تعاقب میں پورن نے ناقابل یقین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف سنچری اسکور کی تھی بلکہ یہاں نشانہ کے تعاقب میں کامیابی کے ایک نئے ریکارڈ کے قریب ٹیم کو پہنچا دیا تھا لیکن اختتام میں ویسٹ انڈیز کو 23 رنز کی شکست ہوئی۔ ویسٹ انڈیز جس نے پاکستان کے خلاف اپنے افتتاحی مقابلہ میں شاندار مظاہروں کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنمنٹ کا بہترین آغاز کیا تھا لیکن اس کے بعد اسے متواتر 7 مقابلوں میں شکست ہوئی ہے۔ سری لنکا کے خلاف پورن نے 103 گیندوں میں 11 چوکوں اور 4 چھکوں پر مشتمل اننگز میں 118 رنز اسکور کئے اور خود کو مستقبل کا اسٹار کھلاڑی منوایا ہے جس پر ٹیم کے کپتان ہولڈر نے کہا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔