پوروانچل کے بعد اکھلیش کا اگلا پڑاؤ بندیل کھنڈ

   

لکھنؤ: اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے ریاست کے پوروانچل علاقے میں سماج وادی وجے رتھ یاترا کے زبردست اختتام کے بعد بندیل کھنڈ کو اپنا اگلا پڑاؤ بنایا ہے ۔ اس کا مقصد پوروانچل کی طرح بندیل کھنڈ کے ووٹروں کو یہ پیغام دینا ہے کہ یہاں بھی ایس پی کا براہ راست مقابلہ بی جے پی سے ہے تاکہ دلتوں اور پسماندہ ذاتوں کے غلبہ والے اس علاقے میں ایس پی اپنی حمایت حاصل کرسکے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اکھلیش اگلے ماہ یکم دسمبر سے بندیل کھنڈ کے انتہائی پسماندہ علاقے باندہ سے سماج وادی وجے رتھ یاترا شروع کریں گے ۔ اکھلیش کے ممکنہ شیڈول کے مطابق وہ یکم دسمبر کو ہیلی کاپٹر سے باندہ پہنچیں گے ۔ یہاں وہ وجے رتھ یاترا میں شامل ہوکر عوامی رابطہ کرکے مہوبہ روانہ ہوں گے ۔ باندہ میں عوامی رابطے کے دوران اکھلیش کا ایک جلسہ عام سے خطاب کرنے کا بھی امکان ہے۔