پوری دنیا اسرائیل کیخلاف متحد ہو جائیں‘ایران کی اپیل

   

Ferty9 Clinic

تہران:حکومت ایران نے دنیا بھر کی اقوام اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں سے صہیونی حکومت کے نسل پرستانہ اور شرمناک اقدامات کے مقابلے میں متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت ایران کے ترجمان علی ربیعی کا کہنا تھا کہ غاصب صہیونی حکومت فلسطینیوں کے خلاف کھلم کھلا جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے اور یہ سلسلہ اب انتہائی شرمناک شکل اختیار کرگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایران فلسطینیوں کے خلاف منظم جرائم کی مذمت کرتی ہے اور دنیا بھر کے عوام اور عالمی اداروں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ صہیونی حکومت کے نسل پرستانہ اور شرمناک اقدامات کے مقابلے میں متحد ہوجائیں۔حکومت ایران کے ترجمان نے واضح کیا کہ اسرائیل خطے کے امن اور سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے اوریہ غاصب حکومت قانون شکنی اور غنڈہ گردی کی تمام حدیں پار کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامی برسوں سے علاقے میں امن اور استحکام کی تمام کوششوں کو سبوتاڑ کرتے آئے ہیں اور ایٹمی معاہدے کے خلاف ان کی صف آرائی بھی اس کی واضح مثال ہے۔واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل بیت المقدس میں اسرائیلی فوجیوں کی شیلنگ ، ربڑ کی گولیوں اور واٹر کینن کے بے دریغ استعمال سے 7سو سے زائد فلسطینی زخمی اور کئی نمازی شہید ہوگئے تھے۔