واشنگٹن / ریو ڈی جنیرو / نئی دہلی: پوری دنیا میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) وبا کی وجہ سے متاثرہ افراد کی تعداد 18.83 کروڑ سے زیادہ ہوگئی ہے اور اب تک 40.58 لاکھ سے زیادہ افراد اس کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دنیا کے 192 ممالک اور خطوں میں متاثرہ افراد کی تعداد 18 کروڑ 83 لاکھ 61 ہزار 244 ہوگئی ہے ، جبکہ 40 لاکھ 58 ہزار 122 افراد اس وبا کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔امریکہ میں کورونا وائرس کی رفتار کچھ کم ہوگئی ہے ۔ یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 3.39 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے اور 6.08 لاکھ سے زیادہ افراد اب تک ہلاک ہوگئے ہیں۔ کورونا کے معاملے میں ہندوستان دنیا میں دوسرے اور اموات کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 41،806 نئے معاملوں کی آمد کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی تعداد مجموعی طور سے تین کروڑ نو لاکھ 87 ہزار 880 ہوگئی ہے ۔ اس دوران 39 ہزار 130 مریضوں کے صحتیاب ہونے کی وجہ سے اس وبا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی کل تعداد تین کروڑ ایک لاکھ 43 ہزار 850 ہوگئی ہے ۔ فعال معاملات 2095 بڑھ کر 4 لاکھ 32 ہزار 41 ہوگئے ہیں۔ اسی عرصہ میں 581 مریضوں کی ہلاکت کی وجہ سے اموات کی تعداد بڑھ کر مجموعی طور سے چار لاکھ 11 ہزار 989 ہوگئی ہے ۔ ملک میں سرگرم معاملوں کی شرح کم ہوکر 1.39 فیصد ، بحالی کی شرح 97.28 فیصد اور اموات کی شرح 1.33 ہوگئی ہے ۔متاثرہ افراد کے معاملے میں برازیل اب تیسرے نمبر پر ہے جہاں ایک بار پھر کورونا انفیکشن کے معاملات بڑھ رہے ہیں اور اب تک 1.92 کروڑ سے زیادہ لوگ اس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 5.37 لاکھ سے زیادہ مریضوں کی موت ہو چکی ہے ۔ برازیل کورونا سے ہونے والی اموات کے معاملے میں دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے ۔ فرانس انفیکشن کے معاملے میں چوتھے نمبر پر ہے جہاں اب تک 58.84 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 1.11 لاکھ سے زیادہ مریض دم توڑ چکے ہیں۔ روس میں کورونا سے متاثروں کی تعداد 57.85 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اور اس انفیکشن کی وجہ سے 1.42 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ترکی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 55 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اور 50,367 مریض فوت ہوچکے ہیں۔برطانیہ میں ایک بار پھر کورونا وائرس پھیل رہا ہے ، متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 52.52 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اور 1.28 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ مرنے والوں کے معاملے میں برطانیہ پانچویں نمبر پر ہے ۔ ارجنٹائن میں متاثرہ افراد کی تعداد 47.02 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے ۔ کولمبیا میں کورونا وائرس سے 45.65 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1.14 لاکھ سے زیادہ افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اٹلی میں کورونا سے متاثروں کی تعداد 42.75 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور 1.27 لاکھ سے زیادہ مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔