پورے اترپردیش میں 27 مارچ تک لاک ڈاؤن

,

   

حکومت ایمرجنسی خدمات انجام دینے والے ملازمین کو سیکورٹی کٹ فراہم کرے :اکھلیش
لکھنؤ:24مارچ(سیاست ڈاٹ کام) اتررپردیش میں کورونا کے بڑھتے خطرات کے پیش نظروزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست کے سبھی 75اضلاع میں آنے والے 27 مارچ تک لاک ڈاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مسٹر یوگی نے منگل کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سبھی اضلاع کے اعلی افسران کو لاک ڈاؤن کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔وزیر اعلی نے شہریوں سے لاک ڈاؤن کے دوران گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے اور سوشل ڈسٹینسنگ پر ایمانداری سے عمل کرنے کو کہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے رویہ اور حالات کو دیکھ کر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کرفیو لگانے کے لئے آزاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دوران سبھی ضروری اشیاء اور دوائیاں لوگوں کو ان کے دروازے پر دستیاب کرانے کی کوششیں کی جائیں گی۔اس سے پہلے 22 مارچ کو حکومت نے 16اضلاع کو 25 مارچ تک لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیاتھا۔لیکن آج حکومت نے یوپی کے تمام اضلاع کو 27 مارچ تک لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مسٹر یوگی نے کہا کہ گذشتہ دو دنوں سے مختلف اضلاع سے تقریبا ایک لاکھ لوگوں کی ریاست میں آمد ہوئی ہے جو خطرے کاعندیہ ہے ۔حالانکہ عوام کو اس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ انہیں مستعد اور محتاط رہنا ہوگا۔ مسٹر یوگی نے انتباہ دیا کہ کالا بازار کرنے والے کاروباریوں کے خلاف حکومت سخت کاروائی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے 24سرکاری سمیت 51 میڈیکل کالجوں میں آئیسولیشن وارڈ بنائے گئے ہیں اور وبائی بیماری سے نپٹنے کے لئے سبھی تدابیر کئے جارہے ہیں۔وزیراعلی نے اس موقع پر ریاست کے تقریبا 20 لاکھ مزدوروں کے بینک کھاتوں میں ایک ہزار روپئے ٹرانسفر کئے جانے کی اطلاع دی۔سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے کورونا وائرس کے خطرے کے تئیں سنجیدہ رویہ دکھانے کے لئے اترپردیش کی عوام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ایمرجنسی خدمات کو انجام دینے والے میڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کو سیکورٹی کٹ بلاتاخیر دستیاب کرانا چاہئے ۔مسٹر یادو نے منگل کو ٹوئٹ میں لکھا”حکومت کورونا کی جانچ، علاج اور دیکھ ریکھ میں لگے ڈاکٹروں کو ہی نہیں بلکہ نرس،ورڈ اسٹاف،لیب ٹیکنیشین، آپریٹروں، آفس ایڈمن اسٹاف،صفائی اور سیکورٹی اہلکار کو بھی فوراپروٹکشن کٹ دستیاب کرائے جس سے کہ وہ جسمانی اور ذہنی طور سے تحفظ محفوظ کرتے ہوئے اپنی خدمات انجام دے سکیں۔اس سے قبل انہوں نے کہا”کورونا کے خطرے کے پیش نظر جس طرح عوام نے گھر سے نہ نکلنے میں اپنا تعاون پیش کیا ہے وہ قابل تعریف ہے ۔ اب سرکارکی ذمہ داری ہے کہ وہ ضروری اشیاء،دودھ،اناج،سبزیوں اور مریضوں کے لئے پھل اور دوا کی آسمانی چھوتی قیمتوں پر لوہیا جی کی ‘قیمت طے کروٗکی پالیسو نافذ کر کے افرا تفری پر روک لگائے ۔قابل ذکر ہے کہ حکومت نے کورونا کے بڑھتے خطرات کے پیش نظرریاست کے تمام اضلاع میں 27 مارچ تک لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے ۔