پورے سال رمضان المبارک کا انتظار کرتا ہوں: آملہ

   

لندن۔28 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے اوپنر ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ روزہ دماغ سمیت جسم کے لیے بہترین ورزش ہے۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے کہاکہ پورے سال کے دوران رمضان المبارک کا انتظار کرتا ہوں اور یہ میرے لیے سال کا بہترین مہینہ ہے۔ جب ہم کرکٹ کھیل رہے ہوتے ہیں، اس دوران ہمیں بھوک اور پیاس کی شدت محسوس ہوتی ہے لیکن میں روزے کے دوران کھیل کر خوشی محسوس کرتا ہوں اور یہ دماغ کیساتھ روحانی ورزش میں بھی کردار ادا کرتی ہے۔ یاد رہے کہ 2012ء کے دوران آملہ نے انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ میچ کے دوران روزے کی حالت میں 311 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ اوول میں کھیلی جانے والی اننگز ٹسٹ میں ان کی بہترین اننگز ہے۔ آملہ نے مزید کہا کہ انگلینڈ آکر کھیلنا اور میگا ایونٹ میں شرکت کرنا میرے لیے خوشی کا لمحہ ہے۔ جونیئر کھلاڑیوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے، جونیئر میں بھی میگا ایونٹ کے دوران کچھ کر دکھانا کا جنون ہے۔ نوجوانوں کو اپنا تجربہ منتقل کرنے کا خواہشمند ہوں۔ وہ ٹورنمنٹ میں شرکت کر کے کافی پرجوش ہیں۔ ہم صرف اچھی کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ٹیم کے لیے رنز بنانا ہر وقت ضروری ہوتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹونٹی 20 کرکٹ ونڈے سے بالکل مختلف ہے، یہاں آنے سے قبل نیٹس میں کافی پریکٹس کی، اس چیز سے فرق نہیں پڑتا کہ میں پلینگ الیون میں شرکت کرتا ہوں یا نہیں، میں کوشش کرتا ہوں وہ کروں جو ٹیم کے لیے بہترین ہو۔ یاد رہے کہ آملہ نے ورلڈکپ سے قبل دوارم اپ مقابلوں میں متواتر دونصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے حریف ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔