نئی دہلی ۔19 ؍فروری ( ایجنسیز )بہار میں ایس آئی آر کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور اتر پردیش سمیت ملک کی 12 ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام خطوں میں ایس آئی آر کا عمل جاری ہے۔ اب ان 13 ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام خطوں کے علاوہ ملک کی بقیہ ریاستوں میں بھی ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کا عمل کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رواں سال اپریل سے پورے ملک میں ایس آئی آر کا عمل شروع ہو جائے گا۔ بہار میں یہ عمل مکمل ہو چکا ہے اور 12 ریاستوں میں فی الحال یہ عمل جاری ہے لہٰذا باقی بچ جانے والی ریاستوں میں بھی ایس آئی آر کا عمل شروع کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق دہلی، ہریانہ اور ہماچل پردیش سمیت 22 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں اپریل سے ایس آئی آر شروع ہو سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ان ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسرز کو تیاریاں کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ کمیشن نے اپنے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ تمام ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے ایس آئی آر سے وابستہ تمام ابتدائی تیاریاں جلد از جلد مکمل کر لیں۔ تاکہ اپریل کے مہینے میں یہ مہم بغیر کسی رکاوٹ کے شروع کی جا سکے۔