حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تصویر میں نظر آنے والا لال رنگ کا ڈبہ پوسٹل باکس نہیں ہے ۔ غلطی سے بھی اس میں خطوط ڈالنے کی کوشش نہ کریں ۔ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ۔ کیوں کہ یہ ہائی وولٹیج برقی سوئچ بورڈ ہے ۔ جس کی حفاظت کے لیے اس کو پوسٹل باکس میں تبدیل کیا گیا ہے جو آپ کو نامپلی میں نمائش میدان کے پاس نظر آئے گا ۔ شہر ہو یا گاؤں پہلے ہر جگہ پوسٹل باکس نظر آتے تھے ۔ لوگ اپنے دوست و احباب و رشتہ داروں کو خطوط لکھ کر خیر خیریت حاصل کرنے کے علاوہ اہم اطلاعات دیا کرتے تھے ۔ زمانے کی ترقی انٹرنیٹ کا جال پھیل جانے ای میلس ، فیاکس ، ایس ایم ایس جیسی سہولتیں عام ہوجانے کے بعد پوسٹل ڈپارٹمنٹ یا پوسٹ مین کا کام گھٹ گیا ہے خطوط دو یا تین دن میں ملا کرتے تھے ۔ اب سیکنڈس میں پیغامات ایک گاؤں سے دوسرے گاؤں کو نہیں بلکہ ایک ملک سے دوسرے ممالک کو پہونچ رہے ہیں ۔ یہی نہیں ویڈیو کال پر بھی ایک دوسرے کو دیکھتے ہوئے بات چیت کرپا رہے ہیں جس سے خطوط کا سلسلہ تقریبا گھٹ گیا اور پوسٹل باکس نظروں سے اوجھل ہوگئے ۔۔ ن