پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ ایم ایل سی چناؤ کے انعقاد کی تیاریاں

   


14 مارچ سے قبل ضعیف افراد اور کورونا مریضوں کو گھر پر رائے دہی کی سہولت
حیدرآباد: گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں کے چناؤ میں پوسٹل بیالٹ کیلئے عہدیداروں نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی ، محبوب نگر اضلاع پر مشتمل گریجویٹ نشست کے لئے رائے دہی 14 مارچ کو مقرر ہے ۔ تاہم عہدیدار پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ رائے دہی کے انتظامات میں مصروف ہیں۔ مستقل معذورین ، 80 سال سے زائد عمر کے افراد اور کورونا مریضوں کو پوسٹل بیالٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ ایسے شہری جنہوں نے خود کو معذور کی حیثیت سے درج کرایا ہے ، انہیں 9 مارچ کو پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ رائے دہی کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔ 80 سال سے زائد عمر کے سینئر سٹیزنس 10 مارچ کو پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔ کورونا مریض 11 مارچ کو ووٹ دے سکتے ہیں۔ عہدیداروں نے پوسٹل بیالٹ کے استعمال کیلئے عہدیداروں کے علاوہ پولیس کو متعین کیا ہے تاکہ پوسٹل رائے دہی میں کوئی بے قائدگی نہ ہو۔ عہدیدار خود اہل رائے دہندے کے پاس پہنچ کر پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ ووٹنگ کے طریقہ کار سے واقف کرائیں گے۔ بیالٹ با کس کے ساتھ رائے دہندے کی قیام گاہ پہنچ کر ووٹ حاصل کیا جائے گا ۔ یہ تمام کارروائی کی ویڈیو گرافی کی جائے گی ۔حیدرآباد ایم ایل سی نشست کے تحت 459 رائے دہندوں نے پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ رائے دہی کا فیصلہ کیا ہے ۔ کورونا مریضوں کی فہرست حکومت کو روانہ کردی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 100 کورونا مریض پوسٹل بیالٹ سے استفادہ کریں گے ۔ میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پوسٹل بیالٹ کی تکمیل کے انتظامات کی نگرانی کریں ۔ ہر رائے دہندہ کی مکمل ویڈیو گرافی کی جائے ۔