یو پی آئی سے مربوط ادائیگی اور دیگر سہولتیں دستیاب
حیدرآباد۔ 8 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ پوسٹل سرکل کی جانب سے پوسٹل خدمات کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے کے لئے اڈوانسڈ پوسٹل ٹیکنالوجی (APT) اپلیکشن کے استعمال کا آغاز کیا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائرکٹر پوسٹل سرویسیس شرت کمار کے مطابق ریاست کے چار ہیڈپوسٹ آفسوں کے علاوہ 105 سب پوسٹ آفسوں اور 453 برانچ پوسٹ آفسوں میں عصری سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ پوسٹل ڈپارٹمنٹ نے حیدرآباد، رنگاریڈی، نلگنڈہ، بھونگیر اور ملکاجگیری میں تجرباتی طور پر یہ پراجکٹ شروع کیا ہے۔ 17 میل آفیسوں اور 23 اڈمنسٹریٹیو آفیسوں میں یہ سہولت متعارف کی گئی ہے۔ اے پی ٹی اپلیکشن کے استعمال سے کسٹمرس کے لئے کئی سہولتوں کا آغاز ہوگا۔ اسپیڈ پوسٹ، رجسٹرڈ پوسٹ، پارسل، انٹرنیشنل میل اور الیکٹرانک منی آرڈرس کی خدمات کے لئے تمام کاؤنٹرس پر یو پی آئی سے مربوط ادائیگی کی سہولت رہے گی۔ کسٹمرس کے لئے بکنگ سے لے کر ڈیلیوری تک ریئل ٹائم ایس ایم ایس کے ذریعہ اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ ڈیلیوری سے متعلق اطلاعات تصویر کے ثبوت کے ساتھ پیش کی جائیں گی۔ سلف بکنگ اور انٹیگریٹیڈ یو پی آئی پیمنٹ کے ذریعہ کسٹمرس کے لئے اضافی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ برانچ پوسٹ آفسوں میں موبائیل اپلیکشن کی سہولت رہے گی تاکہ دیہی علاقوںکے کسٹمرس کے لئے پوسٹل خدمات کو بہتر اور آسان بنایا جائے۔ پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے باقی 32 ہیڈ پوسٹ آفس، 685 سب پوسٹ آفس اور 4986 برانچ پوسٹ آفسوں میں یہ خدمات 22 جولائی تک فراہم کردی جائیں گی۔ 1