چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گوائی نے رسم اجراء انجام دی
حیدرآباد۔ 12 جولائی (سیاست نیوز) چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس بی آر گوائی نے پوسٹل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تیار کردہ خصوصی پوسٹل کور کی رسم اجراء انجام دی جس کا عنوان ’’بابا صاحب بی آر امبیڈکر دستوری اسمبلی اور دستور ہند‘‘ رکھا گیا ہے۔ جسٹس بی آر گوائی نے دستور ہند میں آرٹ اور کیلی گرافی پر مبنی تصاویر کے ساتھ تیار کردہ پوسٹ کارڈس کی رسم اجراء انجام دی۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں چیف پوسٹ ماسٹر جنرل تلنگانہ ڈاکٹر پی وی ایس ریڈی نے اسپیشل کور اور پچر پوسٹ کارڈس چیف جسٹس آف انڈیا کے حوالے کئے۔ سپریم کورٹ کے جسٹس پی ایس نرسمہا، کارگذار چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس سوجئے پال اور ایڈوکیٹ جنرل اے سدرشن ریڈی کی موجودگی میں جسٹس بی آر گوائی نے رسم اجراء انجام دی۔ خصوصی کور پر حکومت ہند کی جانب سے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر پر جاری کئے گئے مختلف اسٹامپس اور سکوں کی تصاویر کے علاوہ دستور ہند کی تدوین میں ڈاکٹر امبیڈکر کے کارناموں کو شامل کیا گیا ہے۔ 22 مختلف تصاویر پر مشتمل پوسٹ کارڈس پر آرٹ اور کیلی گرافی کے نمونے شامل کئے گئے۔ پوسٹل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تیار کردہ منفرد پوسٹ کارڈس عوام کی ستائش حاصل کریں گے۔ خصوصی پوسٹل کور میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے کارناموں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ مسوخی کے بغیر اس کی قیمت 45 روپے جبکہ خصوصی منسوخی پر 50 روپے رکھی گئی ہے اور یہ پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے تمام ہیڈ پوسٹ آفسوں کے علاوہ آن لائن [email protected] سے حاصل کئے جاسکتے ہیں جبکہ تصاویر پر مشتمل پوسٹ کارڈس کے سیٹ کی قیمت 150 روپے مقرر کی گئی ہے۔ رسم اجرائی کے موقع پر سکندرآباد ڈیویژن کے ایس ایس پی او اے سبرامنیم، جی ہیماوتی، شرت کمار اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ 1
جامعہ عثمانیہ ایم اے عربی میں داخلے
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی : ( راست ) : یونیورسٹی پریس نوٹ کے مطابق ایم اے (عربی ) انٹرنس کے لیے آن لائن درخواست فارمس داخل کرنے کی آخری تاریخ 17 جولائی 2025 مقرر ہے ۔ cpget.tgche.ac.in مذکورہ لنکس کو استعمال کرتے ہوئے طلباء وطالبات اپنے آن لائن فارمس داخل کرسکتے ہیں ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جامعہ عثمانیہ کا شمار تلنگانہ اسٹیٹ کی سب سے مشہور و معروف یونیورسٹیز میں ہوتا ہے جہاں اپنی اعلی تعلیم کو جاری رکھنا ہر طالب علم کا خواب ہوتا ہے ۔
اسی کے شعبہ عربی کا شمار ہندوستان کے دیگر بڑے شعبہ جات میں ہوتا ہے جس کو یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی جانب سے خصوصی موقف حاصل ہے ۔ یو جی سی کے مالی تعاون سے نہایت عصری لینگویج لیاب و عصری ادب سے لیس لائبریری اور ڈیجیٹل کلاس رومس طلبہ کے استفادہ کے لیے قائم کئے گئے ہیں ۔ وہ طلبہ جو بی اے ، بی ایس سی ، بی کام ( زبان دوم عربی ) ، بی اے لینگویجس یا جامعہ نظامیہ سے امتحان فاضل کامیاب کرچکے ہوں یا سال آخر کا امتحان لکھ چکے ہوں ۔ آن لائن فارم داخل کرنے کے اہل ہیں ۔ خواہش مند طلبہ شعبہ عربی سے راست یا بذریعہ موبائل 9908848089 ۔ 8297764989 پر ربط کر کے مزید تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں ۔۔