پوسٹل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے طلبہ میں اخلاقی کتابوں کی تقسیم

   

ریڈنگ کا ذوق پیدا کرنے منفرد مہم
حیدرآباد 23 جنوری (سیاست نیوز) ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ کی جانب سے بچوں میں ریڈنگ (پڑھنے) کا ذوق پیدا کرنے کے لئے منفرد مہم شروع کی ہے۔ اِس مہم کے تحت حیدرآباد جنرل پوسٹ آفس کی جانب سے ہندی اور انگریزی میں بچوں میں اخلاقیات اور کہانیوں پر مبنی کتابیں تقسیم کی گئیں۔ چوتھی اور پانچویں جماعت کے طلبہ میں کتابوں کی تقسیم کے ذریعہ پڑھنے کا ذوق پیدا کیا جارہا ہے۔ ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ نے گیان پوسٹ سروسیس کی تشہیر کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف پوسٹ ماسٹر حیدرآباد وائی پرساد کے مطابق مختلف اسکولوں کے طلبہ میں کتابوں کی تقسیم کے وقت مرکزی وزیر جیوتر آدتیہ سندھیا کا پیام سنایا گیا۔ اِس مہم کے تحت کتابوں کے علاوہ پوسٹ کارڈ کی تقسیم عمل میں آئی۔ گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول محبوبیہ نامپلی کے طلبہ میں آج وسنت پنچمی کے موقع پر کتابوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اِس موقع پر طلبہ سے بات چیت کے مختلف سیشن منعقد کئے گئے جس میں ریڈنگ کی اہمیت کو اُجاگر کیا گیا۔ طلبہ کو پوسٹل اسٹامپ جمع کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے عہدیداروں نے کہاکہ پوسٹل خدمات سے طلبہ کو واقف ہونے کی ضرورت ہے۔ پوسٹل خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے لکھنے اور پڑھنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ حیدرآباد جنرل پوسٹ آفس نے صارفین کو گیان پوسٹ سرویس سے استفادہ کی اپیل کی ہے۔1