پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے تحت 6266 پوسٹ آفسوں میں رائے دہی کیلئے شعور بیداری مہم

   

40 لاکھ صارفین کا احاطہ، چارمینار کے دامن میں عوام سے ملاقات
حیدرآباد۔/7 مئی، ( سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات میں عوام کو رائے دہی میں حصہ لینے کیلئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اشتراک سے ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ نے تلنگانہ کے تمام اضلاع میں شعور بیداری مہم چلائی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائرکٹر آف پوسٹ سرویسیس کے مطابق 6266 پوسٹ آفسوں کے 14900 اسٹاف نے شعور بیداری مہم میں حصہ لیا۔ تلنگانہ پوسٹل سرکل کی جانب سے مذکورہ مہم کے تحت تقریباً 3.8 لاکھ خطوط اور پارسل پر روزانہ رائے دہی میں حصہ لینے کا پیام درج کرتے ہوئے ڈیلیوری کی گئی۔ تلگو زبان میں پبلسٹی میٹریل تیار کیا گیا اور 6266 پوسٹ آفسوں اور 36 اے ٹی ایم مراکز پر پوسٹل فلیکسی اور ڈیجیٹل اسکرین آویزاں کئے گئے۔ آؤٹ ڈور مہم کے تحت پوسٹل اسٹاف نے 11 ریالیوں، 11 روڈ شو اور 4 گھرگھر پہنچ کر شعور بیداری مہم کے پروگرام منعقد کئے۔ ریاست کے 33 اضلاع میں 36 ووٹر اویرنیس فورمس کا قیام عمل میں آیا۔ سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس کے ذریعہ شعور بیداری مہم چلائی گئی۔ پوسٹل ڈپارٹمنٹ نے تقریباً 40 لاکھ صارفین کا احاطہ کیا جن کا تعلق آسرا پنشن، ضمانت روزگار اسکیم، اسپیڈ پوسٹ، آدھار، پاسپورٹ اور دیگر خدمات سے ہے۔ پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے ملازمین نے تاریخی چارمینار کے دامن میں شعور بیداری مہم کے تحت عوام سے ملاقات کی۔ پوسٹل ڈپارٹمنٹ نے 13.82 لاکھ ووٹر شناختی کارڈ کی ڈیلیوری کی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ نے شعور بیداری مہم کیلئے مختلف اداروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔1