پوسٹ آفسوں میں پاسپورٹ اور آدھار کی خدمات کو بہتر بنانے کا فیصلہ

   

ریجنل پاسپورٹ آفیسر اور آدھار کے عہدیداروں کے ساتھ چیف پوسٹ ماسٹر جنرل کا اجلاس، دیہی علاقوں میں پاسپورٹ اپائنمنٹ سلاٹس میں اضافہ کیا جائے گا
حیدرآباد ۔28۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے 14 پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر اور 265 پوسٹ آفس آدھار انرولمنٹ سنٹرس میں عوام کیلئے مختلف خدمات میں توسیع کے سلسلہ میں چیف پوسٹ ماسٹر جنرل حیدرآباد سرکل ڈاکٹر پی وی ایس ریڈی نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ ڈاک سدن حیدرآباد میں منعقدہ اجلاس میں شریمتی سمیتا ایودھیا پوسٹ ماسٹر جنرل حیدرآباد ریجن ، شریمتی این آر وسالاچی پوسٹ ماسٹر جنرل ہیڈ کوارٹرس ریجن ، شریمتی جے سنیہجا ریجنل پاسپورٹ آفیسر حیدرآباد اور آر وی این سرینواس ڈائرکٹر یو آئی ڈی اے آئی نے شرکت کی ۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر حیدرآباد نے ریاست کے 14 پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر میں اپائنٹمـنٹ سلاٹس کی تعداد میں اضافہ سے اتفاق کیا تاکہ عوام کے لئے ویٹنگ کے وقت کو کم کیا جائے ۔ انہوں نے پاسپورٹ سے متعلق دیہی علاقوں میں بڑھتی مانگ کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپائنٹـمنٹ سلاٹس کی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ کیا ۔ پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر میں ضروری سہولتوں میں اضافہ سے بھی اتفاق کیا گیا تاکہ عوام کو ڈسپلے بورڈ کے ذریعہ پاسپورٹ خدمات کی تفصیلات سے واقف کرایا جائے۔ آدھار کارڈ کے مسئلہ پر یو آئی ڈی اے آئی کے عہدیداروں نے 265 پوسٹ آفس آدھار انرولمنٹ سنٹرس میں خدمات کو توسیع دینے سے اتفاق کیا۔ عہدیداروں نے آدھار خدمات پر ماہر افراد کو متعین کرنے کے علاوہ پانچ سال عمر تک کے بچوں کے انرولمنٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ 5 سے 7 سال عمر کے بچوں کیلئے بائیو میٹرک سہولت اور 15 سے 17 سال عمر کے بچوں کیلئے بائیو میٹرک اپ ڈیٹ کی خدمات فراہم کرنے سے اتفاق کیا گیا ۔ عہدیداروں نے آنگن واڑی سنٹرس ، پرائمری اور سکنڈری اسکولس ، جونیئر کالجس اور اقامتی ویلفیر سوسائٹیوں کے تحت پوسٹل کیمپ کے انعقاد میں تعاون سے اتفاق کیا۔ چیف پوسٹ ماسٹر جنرل نے پاسپورٹ اور آدھار سے متعلق خدمات کو مزید بہتر بنانے کی تجویز پیش کی تاکہ پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ دونوں اہم شعبہ جات میں عوام کی بہتر خدمت کی جاسکے۔ ڈائرکٹر پوسٹل سرویسز ہیڈ کوارٹر بی اروموگم ، شریمتی یو سائی پلوی ڈائرکٹر اکاؤنٹس پوسٹل تلنگانہ کے علاوہ پاسپورٹ آفس اور یو آئی ڈی اے آئی کے عہدیدار اجلاس میں شریک تھے ۔ 1