پوسٹ آفس کا سرور ڈاؤن ہونے سے عوام کو سخت مشکلات

   

حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میں پیر کی رات سے پوسٹ آفس میں سرور ڈاؤن ہونے کے بعد منگل کو بھی عوام کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ تکنیکی مسائل سے ناواقف کئی لوگ دن میں کئی چکر لگاتے رہے کہ وہ اسپیڈ پوسٹ ، رجسٹرڈ پوسٹ اور بک پارسل بھیجیں لیکن جب ملازمین نے انہیں سرور ڈاؤن سے آگاہ کیا تو وہ دیگر مقامات اور پارسل بھیجنے کے لیے خانگی کوریئر کا استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے ۔ کئی لوگ ناراض تھے کہ پوسٹ آفس نے انہیں ان مسائل کے بارے میں آگاہ نہیں کیا ۔ فلک نما پوسٹ آفس کے ایک کلرک نے صارفین کو بتایا کہ تکنیکی مسئلہ کب حل ہوگا اور سرویس دوبارہ شروع ہوگی اس تعلق سے کوئی رابطہ نہیں ہے ۔ عابڈس جی پی او میں لوگ سرور کے متعلق مسائل کے بارے میں جاننے کے بعد واپس چلے گئے ۔ پارسل ، اسپیڈ پوسٹ اور رجسٹرڈ میل بھیجنے کے لیے روزانہ ہزاروں لوگ آتے ہیں ۔ ایک قانونی فرم کے کلرک جو نوٹس کے ایک بنڈل کے ساتھ پوسٹ آفس پہونچے انہوں نے کہا کہ کلائنٹس اور سرکاری دفاتر میں نوٹس بھیجنے کی ضرورت ہے ۔ لیکن تاخیر کی وجہ سے بہت سے مسائل ہوں گے ۔ ہم انہیں عام ڈاک کے ذریعہ نہیں بھیج سکتے کیوں کہ اسے اہم دستاویزات کے لیے محفوظ نہیں سمجھا جاتا ۔۔ ش