پوسٹ آفس کے لاکر سے بھاری رقم کا سرقہ

   

انتہائی سخت سیکوریٹی کے درمیان دلیرانہ واردات پر سنسنی
حیدرآباد۔14 ۔ فروری (سیاست نیوز) پوسٹ آفیسر کے لاکر سے بھاری رقم سرقہ کرنے کی واردات سائبرآباد حدود میں پیش آئی ۔ بھارت ہیوی الیکٹریکل لمٹیڈ بی ایچ ای ایل پوسٹ آفس سے رقم کا سرقہ کرلیا گیا ۔ اس علاقہ میں سیکوریٹی کی سخت چوکسی اور 29 گھنٹے انتہائی سخت انتظامات کے درمیان سرقہ کی واردات کا پیش آنا سنسنی کا سبب بنا ہوا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پوسٹ آفس سے دھواں اور آگ کو دیکھ کر سیکوریٹی نے آتش فرو عملہ کو چوکس کیا جس کے بعد سرقہ کی واردات سامنے آئی ۔ بتایا جاتاہے کہ اس پوسٹ آفس کے لاکر میں آسرا پنشن کی 23 لاکھ روپئے رقم موجود تھی جس کا سرقہ کرلیا گیا ۔ اس رقم کو اسرا پنشن دہندگان میں تقسیم کیا جاتا تھا۔ اطلاع کے ساتھ ہی پوسٹ ماسٹر چوہان بھی موقع واردات پر پہنچ گیا اور اس نے رامچندرا پورم پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ پوسٹ ماسٹر کے مطابق وہ روزانہ کے معمول کی طرز پر دفتر بند کرنے کے بعد مکان چلا گیا ۔ اس نے پوسٹ آفس کے ذریعہ تقسیم کی جانے والی آسرا پنشن کی رقم 23 لاکھ کو پوسٹ آفس کے لاکر میں محفوظ رکھا تھا جو سرقہ کرلی گئی ۔ شکایت کے ساتھ ہی پولیس نے کلوز ٹیم کو موقع واردات طلب کرلیا اور شواہد کو اکٹھا کرتے ہوئے تحقیقات انجام دی۔ رامچندرا پورم پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے ہر زاویہ سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ع