کلکٹر یٹ میں عہدیداروں کا اجلاس۔کلکٹر ورنگل ڈاکٹر ستیا شاردا کا خطاب
ورنگل/12فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر ورنگل ڈاکٹر ستیا شاردا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ایم جی ایم ہاسپٹل میں موجود پوسٹ مارٹم سنٹر موثر طریقے سے چلانے کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کریں۔ضلع کلکٹر نے پوسٹ مارٹم سنٹر انتظامات کے سلسلے میں کلکٹریٹ چامبر میں متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور مختلف امور کا جائزہ لیا۔اس موقع پر کلکٹر نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پوسٹ مارٹم سنٹر کو صاف ستھرا رکھا جائے تاکہ نعشوں کو پوسٹ مارٹم بروقت ہوکر وقار کے ساتھ روانہ کیا جاسکے۔انہوںنے کہاکہ میڈیکل ،فارنسک ،میونسپل ،پولیس ملازمین بہتر تال میل کے ذریعہ پوسٹ مارٹم جلدی کرنے کے اقدامات کریں۔انہوںنے میونسپل حکام کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر مردہ خانہ تک میٹھے پانی کی پائپ لائن بچھائیں۔انہوںنے کہاکہ اسی طرح پوسٹ مارٹم سنٹر میںآڈیو ریکارڈنگ اور سی سی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائیں اور فوری جنریٹر ،سنٹرل لائٹنگ کا قیام عمل میں لانے ایم جی ایم ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی۔انہوںنے کہاکہ اس بات کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں کہ یتیم نعشوں کو سرکاری طور پر 72گھنٹوں کے اندر اندر پنچنامہ کرکے دفن کردیا جائے۔پوسٹ مارٹم سنٹر کے پاس درکار سیکوریٹی گارڈز کے لئے اقدامات کریں۔کلکٹر نے نعشوں کو ڈھاپنے کے لئے درکار سفید کپڑے ،باکس وغیرہ فراہم کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے پوسٹ مارٹم سنٹر کو بہتر چلانے کے سلسلے میں عہدیدار وقفہ وقفہ سے نگرانی کریں۔اس اجلاس میں ایم جی ایم ہاسپٹل کے نگران کار ڈاکٹر کشور ،ایس آئی ایم او سرینواس ،فارنسک پروفیسر لکشمن رائو ،ایم ایچ او ڈاکٹر راجیش ،ایس آئی سامبیا ،ڈی ای رنگا رائو ،تحصیل دار محمد اقبال اور دیگر موجود تھے۔