پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کیلئے 183 کروڑ روپے جاری

   

Ferty9 Clinic

چنڈی گڑھ: پنجاب کی سماجی انصاف، بااختیار بنانے اور اقلیتوں کی وزیر ڈاکٹر بلجیت کور نے منگل کو کہا کہ پنجاب حکومت نے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیم کے تحت 183 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔ڈاکٹر کور نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ فار ایس سی اسکیم کے تحت فنڈز صرف 2016-17 تک جاری کیے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے سال 2017-18 سے 2019-20 تک اسکالرشپ کی رقم جاری نہ کرنے کی وجہ سے کئی طلباء کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ طلباء کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے سال 2017-18 سے 2019-2020 تک نجی اور سرکاری امداد یافتہ اداروں کی فیس کا 40 فیصد جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بھگونت مان کے رہنما خطوط کے مطابق محکمہ خزانہ کی طرف سے تقریباً 1900 اداروں کا آڈٹ کیا گیا تھا اور آڈٹ کے بعد قابل اعتراض رقم کاٹ کر ان تمام اداروں کو 40 فیصد ادائیگی کی جا رہی ہے ۔ڈاکٹر کور نے کہا کہ کچھ تعلیمی اداروں کی ادائیگی کے حوالے سے رپورٹ تیار ہے لیکن محکمہ کی طرف سے جاری ہدایات کے مطابق تعلیمی اداروں کے انڈرٹیکنگ اپ لوڈ نہ ہونے کی وجہ سے ادائیگی میں تاخیر ہو رہی ہے ۔ انہوں نے تمام تعلیمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ محکمہ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ڈاکٹر امبیڈکر پورٹل پر انڈر ٹیکنگ اپ لوڈ کرنے کو یقینی بنائیں، تاکہ ان تعلیمی اداروں کو ادائیگی کی جاسکے ۔