پوسٹ میٹرک اسکالر شپ بجٹ 22 گنا کم ،اضافہ کا مطالبہ

   

نئی دہلی : اقلیتوں کے حوالے سے حکومتوں کی اسکیمیں عام طور پر نچلی سطح پر کامیاب نہیں ہوپاتیں یا ان کا اثر نظر نہیں آتا لیکن ایسا کیوں ہوتا ہے، اس کا تجزیہ کیا گیا ہے ۔ درحقیقت اسکیموں کی منصوبہ بندی میں کچھ کمیاں اور خامیاں ہوتی ہیں جس کی وجہ سے اسکیمیں غیرموثر ہو جاتی ہیں۔ اس کی ایک بڑی مثال مرکزی اقلیتی وزارت کی میٹرک کے بعد کی اسکالرشپ اسکیم ہے۔ اس اسکیم کے تحت بجٹ مختص کرنے سے متعلق وزارت خزانہ کی منصوبہ بندی کی کوتاہیاں سامنے آتی ہیں۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اقلیتی وزارت کو اسکالرشپ اسکیم کے لئے جو فنڈ اور بجٹ دیا جاتا ہے وہ سماجی انصاف کی وزارت جو شیڈول کاسٹ طبقے کے لیے اسکالرشپ اسکیم چلاتی ہے اس کو دیے جانے والے بجٹ اور ضرورت سے کئی گنا کم ہے۔ مرکزی حکومت کی دو وزارتیں وزارت سماجی انصاف اور اقلیتی امور دونوں وزارتیں پوسٹ میٹرک اسکالرشپ چلاتی ہیں۔ وزارت سماجی انصاف دلت طلبہ کے لئے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیم چلاتی ہے جبکہ وزارت اقلیتی امور مسلم، عیسائی، جین، پارسی ، بودھ اور سکھ طلبہ کے لئے یہی پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیم چلاتی ہے۔ تاہم دونوں کی اسکالرشپ اسکیم کے بجٹ میں بہت فرق رہا ہے اور اب اس فرق میں اضافہ ہو کر تقریبا 22 گنا ہو گیا ہے۔ ایک جانب وزارت اقلیتی امور اور کا پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے لئے پچھلے 5 سالوں کیلئے مختص بجٹ 2600 کروڑ روپئے کے قریب ہے۔اگر گذشتہ پانچ سالوں کے اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو وزارت اقلیتی امور نے 2017-18 کے لئے 550 کروڑ، 2018-19 کے لئے 692 کروڑ، 2019-20 کے لئے 496 کروڑ جبکہ 2020-21 کے لئے 535 کروڑ روپئے کا بجٹ رکھا گیا تھا۔وہیں دوسری جانب وزارت برائے سماجی انصاف نے۔گزشتہ 5 سالوں میں پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیم پر 17374 کروڑ خرچ کیے ہیں 2016-17 میں 2216 کروڑ روپے، 2017-18 میں 2820 کروڑ روپے 2018-19 سال میں 3348 کروڑ روپے اور اسی طرح سے 2019-20 میں 6000 کروڑ روپے، اور رواں مالی سال 2020-21 میں 2690 کروڑ روپے کا بجٹ رکھا گیا ۔ تاہم تقریبا 2600 کروڑ روپے اور 17374 کروڑ روپے کے بیچ جو فاصلہ تھا اب وہ مزید بڑھ گیا ہے۔ حال ہی میں وزارت سماجی انصاف کی سماجی انصاف کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے مودی کابینہ نے اگلے 5 سالوں کے لئے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ پر 59000 کروڑ خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مد میں ہر سال مرکزی حکومت تقریبا 7000 کروڑ روپئے کے اسکالرشپ پر خرچ کیلئے فراہم کرائے کی جبکہ بقیہ رقم اور بجٹ ریاستی حکومتوں کے ذریعے فراہم کرایا جائے گا۔