پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کیلئے ادخال درخواست میں توسیع ناگزیر

   

اسٹامپ پیپرس کی قلت سے طلبہ پریشان حال، انجینئرنگ و میڈیکل داخلہ مرحلہ جاری

حیدرآباد۔24اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی پوسٹ میٹرک اسکالرشپس کے لئے داخل کی جانے والی درخواستوں کی آخری تاریخ میں توسیع ناگزیر ہے کیونکہ ہزاروں کی تعداد میں طلبہ مختلف وجوہات کی بناء پر پوسٹ میٹرک اسکالر شپس کے لئے درخواستیں داخل کرنے سے اب تک بھی محروم ہیں جن میں داخلوں کے عمل کی عدم تکمیل کے علاوہ ریاست میں اسٹامپ پیپرس کی قلت کے سبب طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ پوسٹ میٹرک اسکالر شپس کے حصول کے لئے درخواست کے ادخال کی آخری تاریخ 24 اکٹوبر مقرر کی گئی تھی لیکن ریاست میں اب بھی انجنیئرنگ کالجس میں داخلوں کا سلسلہ اور کونسلنگ کا عمل جاری ہونے کے سبب ہزاروں طلبہ کے داخلوں کی اب تک توثیق نہیں ہوپائی ہے علاوہ ازیں NEET کے نتائج کا اعلان نہ ہونے کے سبب ایم بی بی ایس میں داخلہ کے اہل طلبہ کی بھی ابھی نشاندہی نہیں ہوپائی ہے جس کی وجہ سے ایم بی بی ایس کے داخلوں کا عمل بھی نہیں ہوپایا ہے ۔ انجنیئرنگ اور ایم بی بی ایس کے ان مسائل کے علاوہ دیگر جماعتو ںمیں داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب طلبہ کو بھی مسائل کا سامنا ہے کیونکہ اسکالر شپس کی تجدید کیلئے طلبہ کو درخواست کے ساتھ اپنے والدین اور سرپرستوں کی آمدنی کے متعلق تفصیلات پیش کرنی ہوتی ہے اس کے لئے انہیں اسٹامپ پیپر درکار ہوتا ہے ۔ریاست بالخصوص دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں 20روپئے اور 50 روپئے کے اسٹامپ پیپرس کی قلت کے سبب وہ طلبہ بھی درخواست داخل کرنے سے قاصر ہیں جو اپنی اسکالر شپس کی تجدید کروانا چاہتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے دی جانے والی آخری تاریخ کے اختتام کے باوجود کئی طلبہ کو Epass ویب سائٹ پر آخری تاریخ میں توسیع کے سلسلہ میں اطلاعات حاصل کرنے کی کوشش کرتے دیکھا گیا لیکن آخری تاریخ میں توسیع کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا جس کے سبب طلبہ میں مایوسی پائی جانے لگی ہے۔ طلبہ ‘ ان کے والدین اور سرپرستوں کے علاوہ کالجس کے انتظامیہ کی جانب سے آخری تاریخ میں توسیع نہ کئے جانے پر حیرت کا اظہار کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے ریاست میں داخلوں کا عمل مکمل ہونے سے قبل ہی اسکالر شپس کے لئے داخل کی جانے والی درخواستوں کی آخری تاریخ مقرر کیا جانا محکمہ اور عہدیداروں کی کم علمی اور عدم آگہی کا ثبوت ہے۔ م
‘ طلبہ اور والدین کی بے چینی کو دور کرنے کیلئے فوری طور پر اسکالر شپس کی درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ میں توسیع کے اقدامات کئے جانے ضروری ہیں تاکہ تمام مستحق طلبہ اسکیم سے استفادہ حاصل کرسکیں۔م