کے ٹی آر کی رجنی سے ملاقات ، جذبات سے سرشار رجنی کا وزیر سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : پوسٹ گریجویٹ جاروب کش سے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ملاقات کی اور انہیں جی ایچ ایم سی میں آوٹ سورسنگ کے تحت ’ اسسٹنٹ انٹامولوجسٹ ‘ کی ملازمت فراہم کی ۔ روزنامہ سیاست میں 11 ستمبر کو ایم ایس سی میں فرسٹ کلاس کامیاب ہونے کے باوجود مناسب ملازمت نہ ملنے کی رجنی سے متعلق خبر شائع ہوئی تھی جو گریٹ حیدرآباد کے حدود میں جاروب کشی کرتے ہوئے اپنے ارکان خاندان کا پیٹ بھرنے کی داستان پر مشتمل تھی ۔ میڈیا اور سوشیل میڈیا میں اس خبر کے چرچے تھے کئی لوگوں نے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر اور پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق ارویند کمار کو ٹوئیٹر پر ٹیاگ کرتے ہوئے رجنی کو اس کی تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے مناسب ملازمت فراہم کرنے کی اپیل کی تھی جس پر کے ٹی آر نے ردعمل کا اظہار کیا اور رجنی کو طلب کرتے ہوئے ان کے اور ان کے ارکان خاندان کے بارے میں تفصیلات حاصل کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی میں بہتر ملازمت فراہم کی ۔ ساتھ ہی زندگی کے نئے رول کے لیے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے رجنی کو مبارکباد پیش کی ۔ کے ٹی آر کے اس پیشکش پر رجنی جذباتی ہوگئی ۔ ضلع ورنگل سے تعلق رکھنے والی رجنی ایم ایس سی میں اول درجہ میں کامیاب ہے جبکہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے لیے بھی کوالیفائی تھی ۔ تاہم شوہر کی ناسازی صحت ، کورونا بحران ، لاک ڈاؤن کی وجہ سے بہتر ملازمت نہ ملنے پر اپنے ارکان خاندان کا پیٹ بھرنے کے لیے جی ایچ ایم سی میں جاروب کشی کے لیے مجبور تھی ۔ لیکن رجنی کی جدوجہد کام آئی اور انہیں بہتر ملازمت فراہم ہوئی ہے ۔ رجنی نے کے ٹی آر سے اظہار تشکر کیا ہے ۔۔ N