پوسکو کورٹ کے جج نے گرلز آبزرویشن ہوم کا دورہ کیا

   

Ferty9 Clinic

چیلنجس کا مقابلہ کرنے عزم و حوصلہ برقرار رکھنے کی نصیحت، لڑکیوں کوتعلیم پر توجہ دینے کا مشورہ

حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شریمتی سنیتا کنچالہ جج پوسکو کورٹ اور ایم رادھا کرشنا چوہان سکریٹری میٹرو پولیٹن لیگل سرویسس اتھارٹی حیدرآباد نے نمبولی اڈہ میں واقع گرلز آبزرویشن ہوم کا دورہ کیا اور وہاں موجود لڑکیوں کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ شریمتی سنیتا نے اس موقع پر کہا کہ لڑکیوں کو زندگی کے چیلنجس کا مقابلہ کرنے کیلئے حوصلہ اور عزم رکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عزم و حوصلہ کے ذریعہ ہی تمام چیلنجس اور مسائل سے نمٹا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں خواتین اور لڑکیوں پر مظالم کے واقعات سے انہیں حوصلہ شکن ہونے کی ضرورت نہیں۔ جج نے آبزرویشن ہوم کی لڑکیوں سے بات چیت کی اور ان کا حوصلہ بڑھانے کی کوشش کی۔ انہوں نے لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں ساتھ ساتھ ہنر حاصل کریں تاکہ مستقبل میں ایک مضبوط خاتون کے طور پر زندگی بسر کرسکیں۔ رادھا کرشنا چوہان سکریٹری میٹرو پولیٹن لیگل سرویسس اتھارٹی نے کہا کہ لڑکیوں کو منصوبہ بند طریقہ سے جال میں پھنسایا جاتا ہے۔ انہوں نے اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث افراد اور اداروں سے چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کا پامردی سے مقابلہ کرنے کا جذبہ چیلنجس کو کم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان پر زیادتی ہو تو حفاظت خود اختیاری کے تحت حملہ کرسکتے ہیں جو آئی پی سی میں کوئی جرم نہیں ہے۔ اس موقع پر لڑکیوں میں ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں۔ ریجنل انسپکٹر فار پروبیشن شریمتی مایتھلی اور رضاکارانہ تنظیموں کے نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔