پولارڈ کی حاضر دماغی ، نوبال کو ڈیڈ بال میں تبدیل کرلیا

   

لکھنؤ۔ 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیزکے آل راؤنڈرکیرن پولارڈ کرکٹ دنیا کے سب سے خوش مزاج کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ پولارڈ ویسٹ انڈیزٹیم کے کپتان ہیں اوران کی قیادت میں ٹیم نے پانچ سال بعد سیریزمیں جیت درج کی ہے۔ افغانستان کیخلاف تین میچوں کی سیریزکے تیسرے میچ میں پولارڈ کا ایسا ہی اندازدیکھنے کوملا۔ اس میچ میں ایک پل ایسا بھی آیا جب پولارڈ کے سبب امپائرکواپنا فیصلہ تک تبدیل کرنا پڑا۔ اس بات پرکسی کوشک نہیں ہوگا کہ پولارڈ کرکٹ کے میدان پرہمیشہ کچھ نہ کچھ مزاح کرتے رہتے ہیں لیکن اس بارافغانستان کیخلاف انہوں نے کچھ ایسا کیا جوآج سے پہلے کبھی نہیں کیا تھا۔ انہوں نے امپائرکواس کا نوبال کا فیصلہ ڈیڈ بال میں بدلنے پرمجبورکردیا۔ دراصل میچ کے دوران ویسٹ انڈیزکے کپتان بولنگ کررہے تھے۔ پولارڈ گیند پھینکنے ہی والے تھے کہ امپائرنے بہت تیزآواز میں نوبال کہا۔ پولارڈ نے نوبال کی آوازفوراً ہی سن لی اورگیند پھینکنے سے پہلے ہی اپنا ہاتھ روک دیا۔ اس کے سبب امپائرکواپنا نوبال کا فیصلہ ڈیڈ بال میں تبدیل کرنا پڑا۔ امپائرکے اس فیصلے کے بعد کمینٹیٹر بھی اپنی ہنسی نہیں روک سکے۔ اس میچ میں ٹاس جیت کرویسٹ انڈیزنے افغانستان کوپہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ افغانستان نے ویسٹ انڈیزکے سامنے 250 رنوں کا ہدف رکھا۔ افغانستان کیلئے اصغرافغان نے 85 گیندوں پر86 رنوں کی اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیزنے 49 ویں اوورمیں پانچ وکٹ کے نقصان پرہدف حاصل کرلیا۔ ویسٹ انڈیزکے لئے اوپنر شائی ہوپ نے 145 گیندوں پر109 رنوں کی اننگ کھیلی اورٹیم کی جیت میں اہم تعاون دیا۔ ویسٹ انڈیزنے اس سے قبل سال 2014 میں بنگلہ دیش کوسیریزمیں شکست دی تھی۔
عمارت کی 1251 سیڑھیاں چڑھنے کا مقابلہ
سیول۔ 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں سیڑھیاں چڑھنے کے دلچسپ مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہر ایتھلٹس نے 250 میٹر بلند عمارت کی سینکڑوں سیڑھیاں چڑھتے ہوئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی بھرپور کوشش کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس مقابلے میں مختلف ملکوں کے 630 مرد و خواتین ایتھلٹس نے 123منزلہ عمارت کی ایک ہزار 251 سیڑھیاں چڑھنے کا شاندار مظاہرہ کر کے اپنی مہارت و فٹنس کا عملی ثبوت دیا۔