پولاورم پراجکٹ کے کنٹراکٹ کی منسوخی نقصاندہِ

   

Ferty9 Clinic

جذباتی و جلد بازی کے اقدامات سے گریز کرنے ریاستی حکومت کو بی جے پی کا مشورہ

حیدرآباد 4 اگسٹ (سیاست نیوز) بی جے پی رکن پارلیمان مسٹر سوجنا چودھری نے ریاست آندھراپردیش میں بدلتے ہوئے حالات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور بتایا کہ پولاورم پراجکٹ کے کنٹراکٹ کو منسوخ کردینا پولاورم پراجکٹ کے لئے زبردست نقصان دہ اقدام ثابت ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر کوئی غلطیاں یا بے قاعدگیاں پائی جائیں تو انھیں دور کرکے آگے بڑھنے کے بجائے کاموں کو روک دینا کوئی مناسب بات نہیں ہے۔ مسٹر سوجنا چودھری نے مزید کہاکہ پولاورم پراجکٹ کے جاری کاموں کو روک دینے کی وجہ سے ترقی بھی رُک جائے گی۔ اُنھوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پراجکٹ کے کاموں کو جاری رکھتے ہوئے دوسری طرف آڈٹ کی انجام دہی کے ذریعہ ضروری کارروائی کی جاسکتی ہے۔ مسٹر چودھری نے مزید کہاکہ 75 فیصد مقامی افراد کو صنعتوں کے قیام وغیرہ میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا حکومت کی جانب سے اظہار کئے جانے سے اس کی مخالفت کا اندیشہ لاحق ہوسکتا ہے کیوں کہ پرائیوٹ کمپنیاں (ادارے) ریاست میں اپنی سرمایہ کاری پر ازسرنو سنجیدگی سے غور کرنے پر مجبور دکھائی دے رہے ہیں۔ ریاست آندھراپردیش کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے مرکزی حکومت کے ساتھ تال میل کی برقراری کے ذریعہ آگے بڑھنے پر فائدہ حاصل ہوسکے گا۔ رکن پارلیمان بی جے پی نے ریاستی حکومت کو بالواسطہ سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کو کوئی اطلاع دیئے بغیر پراجکٹوں کے کنٹراکٹس کو منسوخ کرنے کا اقدام نامناسب بات ہے۔ اس مسئلہ پر مرکزی حکومت کو سنجیدگی سے جائزہ لینے کی شدید ضرورت ہے کیوں کہ ریاست میں وائی ایس جگن موہن ریڈی کی زیرقیادت حکومت ایسا محسوس ہورہا ہے کہ بعض جلد بازی کے اقدامات کررہی ہے۔ مسٹر سوجنا چودھری نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ کسی جذباتی و جلد بازی کے اقدامات سے گریز کرے تاکہ ریاست کی ترقی پر کوئی مضر اثرات مرتب نہ ہوسکیں۔