حیدرآباد۔10 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آج لوک سبھا کے پہلے مرحلے کے تحت رائے دہی ہو گی اور اس کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ رائے دہی کے موقع پر الیکشن کمیشن اور محکمہ پولیس نے عوام کے لئے رہنمایانہ اصول جاری کئے ہیں جیسا کہ اسمبلی انتخابات کے دوران دیکھا گیا کہ کچھ نوجوان اپنا ووٹ ڈالتے وقت سیلفی لے کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کئے تھے جس میں ایک شخص کی گرفتاری بھی عمل میں آئی تھی ۔ علاوہ ازیں اس مرتبہ ایسے واقعات سے سختی سے نمٹنے کے لیے پولیس نے انتظامات کیے ہیں جیسا کہ تمام پولنگ اسٹیشنس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔ حیدرآباد پولیس نے رائے دہی سے استفادہ کرنے والے افراد کو سختی سے انتباہ دیا ہے کہ وہ ایسی حرکت سے باز رہیںکیونکہ حیدرآباد کے پولنگ اسٹیشنس پر 3,700 سی سی ٹی وی کیمرے نصب گئے ہیں اور ہرکیمرہ 360 زاویے سے نگہداشت کرنے کی قابلیت رکھتا ہے۔ ہرکیمرے کو سینٹرل کنٹرول سنٹر سے مربوط کردیا گیا ہے جس سے جس کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر موبائل فون لے جانے یا اس سے تصویر کشی کرنے کی کوشش کی جائے تو اس کا باآسانی پتہ چلنے کے بعد ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور جیل کی سزا کے علاوہ بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔ تلنگانہ میں پہلے مرحلے کی رائے دہی 11 اپریل کو ہورہی ہے اور 23 مئی کو ہندوستان بھر کے انتخابات کے نتائج سامنے آجائیں گے۔