پولنگ فیصد میں اضافہ کیلئے معروف شخصیتوں کی خدمات لینے کا فیصلہ

   

حیدرآباد۔بلدی انتخابات میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کرنے الیکشن کمیشن نے معروف شہریوں کے علاوہ فلم اداکاروں ‘صنعتکاروں‘ تاجرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سی پارتھا سارتھی الیکشن کمشنر نے شہر کی سرکردہ غیر سرکاری و فلاحی اور سماجی تنظیموں کے ذمہ دارو ںکے ساتھ اجلاس میں بتایا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں 2009میں 41.22 فیصد اور 2016 میں 45.27 فیصد پولنگ تھی ۔انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو ذمہ داری کا احساس دلوانے سماجی و فلاحی تنظیموں کے ذمہ دار کوشش کرسکتے ہیں اور اسکے مثبت اثرات برآمد ہوں گے۔انتخابات کے دوران ووٹرس میں شعور اجاگر کرنے اور انہیں رائے دہی کیلئے متوجہ کرنا ناگزیر ہے اور اسی طریقہ سے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ ممکن ہے۔انہوں نے تمام زونل کمشنراں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے زونس میں ووٹر سلپس پہنچانے کے دوران ان کو رائے دہی میں حصہ لینے کی تاکید کریں اور تقسیم کے عمل کو25 نومبر کی رات تک مکمل کرلیا جائے ۔پارتھا سارتھی نے کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے اقدامات کو یقینی بنانے اور اس کیلئے میڈیا کے علاوہ یوٹیوبرس‘ ریڈیو اور دیگر ذرائع کا استعمال کیا جائے ۔ شریک سماجی تنظیموں کے ذمہ دارو ںکی جانب سے شہر میں پولنگ کے فیصد میں اضافہ کیلئے متعدد تجاویز پیش کرنے کے ساتھ سوشل میڈیا سے ووٹرس میں شعور اجاگر کرنے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹ کی اہمیت پر چھوٹی ویڈیو بنانے کی خواہش کی گئی جس پر آئندہ دو یوم کے دوران عمل کیا جائے گا۔