پولنگ مرحلوں میں ناکام بی جے پی ایگزٹ پول میں کامیاب

   

اُترپردیش میں بی جے پی اقتدار برقرار ، اُتراکھنڈ میں کانگریس کو برتری ،پنجاب میں عام آدمی پارٹی آگے ، گوا معلق ، منی پور میں بی جے پی

نئی دہلی : اُترپردیش میں برسراقتدار بی جے پی کو پولنگ کے تمام 7 مرحلوں میں انتخابی مبصرین نے پچھڑتی بتایا اور اکھلیش یادو کی سماج وادی پارٹی کی اقتدار پر واپسی کے قوی امکانات ظاہر کئے ۔ تاہم آج 7 مارچ کو ساتویں و آخری مرحلے کی رائے دہی کی تکمیل کے ساتھ ہی متعدد ایگزٹ پول سامنے آئے جو اُترپردیش سے لیکر ملک بھر میں پھیلے ہوئے ۔ ایگزٹ پولس کے مجموعی نتیجے کو دیکھا جائے تو جو ممکنہ انتخابی نتائج سامنے آئے ، اُن میں اُترپردیش میں بی جے پی اقتدار کی برقراری ظاہر کی جارہی ہے ۔ پنجاب میں کانگریس اقتدار کی ناکامی اور عام آدمی پارٹی کی واضح جیت بتائی گئی ہے ۔ منی پور اور اُتراکھنڈ میں بی جے پی کی کامیابی بتائی گئی جبکہ گوا میں معلق نتیجہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ اس طرح پانچ ریاستوں میں ووٹنگ کے اختتام پر جو ایگزٹ پولس سامنے آئے ہیں ، اُن کے مطابق بی جے پی اُترپردیش میں تاریخ بنانے جارہی ہے۔ گزشتہ تین دہوں سے وہاں کسی بھی پارٹی کا اقتدار برقرار نہیں رہا ہے ۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کو کم سے کم سب سے بڑی واحد جماعت کا موقف حاصل ہونے کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں۔ ایگزٹ پولس کی پیش قیاسی میں گوا میں واضح معلق ایوان سامنے آئے گا جبکہ اُتراکھنڈ میں انتخابی نتیجہ بی جے پی کی سمت رہے گا ۔ بی جے پی منی پور میں سب سے بڑی پارٹی بن کر اُبھرے گی۔ ایگزٹ پولس کا پول دیکھا جائے تو اُترپردیش میں بی جے پی کو 232 نشستیں حاصل ہوں گی جبکہ سماج وادی پارٹی 150 سیٹوں پر جیت درج کروائے گی ۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کو 67 اور موجودہ برسراقتدار کانگریس کو صرف 25 نشستیں بتائی جارہی ہیں۔ اُتراکھنڈ میں ایگزٹ پولس کے پول کی پیش قیاسی ہیکہ بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سخت مقابلہ ہے جس میں 34 بی جے پی اور 32 نشستیں کانگریس کو ملنے کا امکان ہے ۔ اُتراکھنڈ اسمبلی میں 70 نشستیں ہیں اور سادہ اکثریت 36 ہوتی ہیں۔ گوا میں بی جے پی اور کانگریس کو مساوی 16 سیٹیں مل سکتی ہیں ۔ 2017 ء میں بھی معلق نتیجہ سامنے آیا تھا جس کے بعد بی جے پی نے جوڑ توڑ سے حکومت بنائی۔