شراب کی دکانات منگل کی شام سے بند رکھنے کمشنر کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 8اپریل ( این ایس ایس ) حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار نے عام انتخآبات کے موقع پر دونوں شہر کے لوک سبھا حلقوں میں 11اپریل کو پولنگ اسٹیشنوں کے قریب 200میٹر کے اطراف کے علاقوں میں پانچ یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی ہے ۔ یہ احکام جمعرات کو صبح 6 بجے سے 8بجے شب تک برقرار رہیں گے ۔ عوام کو ان احکام کی پابندی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ سٹی پولیس کمشنر نے 11اپریل کو رائے دہی کے موقع پر امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے دونوں شہروں کے حدود میں واقع شراب کی دکانات ، شراب خانوں اور ہوٹلوں سے منسلک شراب خانوں کے علاوہ تاڑی کے کمپاؤنڈس کو 9 اپریل کی شام 6بجے سے 11اپریل کو شام 6بجے تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے ۔
