کریم نگر میں پولیس کی گھر گھر تلاشی مہم، 70 بائیک، 30 آٹوز ضبط: پولیس کمشنر
کریم نگر ۔ یکم نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر کمشنریٹ کتہ پلی پولیس اسٹیشن کے حدود چنتہ کنٹہ شانتی نگر علاقہ میں 31 اکتوبر بروز پیر شام 5 تا 7 بجے اچانک محاصرہ اور تلاشی کا پروگرام عمل میں لایا گیا۔ بعد ازاں پولیس کمشنر وی ستیہ نارائنا نے کہا کہ جرائم کی روک تھام اور مجرموں کی نقل و حرکت پر قابو پانے کے لئے اچانک چیکنگ کارڈن سرچ تلاشی لی جارہی ہے۔ تمام شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد سے خواہش کی کہ وہ محکمہ پولیس کی جانب سے عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے منعقد کئے جانے والے پروگراموں میں حصہ لیں۔ اگر کوئی مشکوک افراد کی نقل و حرکت نظر آتی ہے تو فوری طور پر پولیس کو مطلع کریں۔ محکمہ پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پولسنگ پروگراموں میں ریاست بھر میں کریم نگر آگے ہے۔ پرانے مجرموں کی شناخت کے فنگر پرنٹ ڈیوئس کے ذریعہ تلاشی لی جارہی ہے۔ کمشنر وی ستیہ نارائنا نے گاڑی چلانے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے دوران ضروری کاغذات کی تنقیح کرلیں۔ اس موقع پر غیر مناسب کاغذات کے 70 دو پہیوں والی گاڑیوں اور 30 آٹوز کو ضبط کیا گیا۔ علاوہ ازیں اس جانچ کے دوران 14 جلبئن اسٹک، 13 ڈیٹونیٹرز، 2 کیلو گانجہ، پانچ کنٹل پی ڈی ایس چاول اور پانچ سو لیٹر ملاوت شدہ خوردنی تیل ضبط کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈی سی پی ایڈمنسٹریشن جی چندراموہن، اے سی پیز کروناکر راؤ، رویندر، کتہ پلی ایس ایس آئی ایلباگوڑ کے ہمراہ مختلف رینک کے 100 پولیس اہلکاروں نے اس محاصرہ تلاشی مہم میں حصہ لیا۔