کے ٹی آر کا الزام، خودکشی کرنے والے پارٹی لیڈر کے ورثا سے ملاقات
حیدرآباد۔ 18جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کے کارگذار صدر کے تارک راما راؤ نے پولیس کو سخت وارننگ دی اور کہا کہ کانگریس دور حکومت میں تلنگانہ میں پولیس اسٹیشنس ’’سیٹلمنٹ سنٹرس‘‘ بن چکے ہیں جہاں ناانصافی ہونے کی شکایت لے کر پولیس اسٹیشن پہنچنے والوں کے خلاف مقدمے درج کرتے ہوئے انصاف کا قتل کیا جارہا ہے۔ ضلع سرسلہ کے سابق بی آر ایس ایم پی ٹی سی کنٹیا کے خودکشی کرلینے پر کے ٹی آر نے تشویش کا اظہار کیا اور ان کے گھر پہنچ کر ارکان خاندان کو پرسہ دیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بی آر ایس لیڈر نے کہا کہ تلنگانہ میں پولیس سیاسی دباؤ میں کام کررہی ہے، اقتدار کسی کیلئے بھی مستقل نہیں ہوتا۔ تلنگانہ میں پہلے بی آر ایس کی حکومت تھی، اب کانگریس برسراقتدار ہے، آئندہ بی آر ایس دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔ تب سیاسی اشاروں پر کام کرنے والے پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس قائد کی اراضی پر قبضہ کرنے والے کانگریس لیڈر کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت کی گئی تو پولیس نے کانگریس قائد کے بجائے شکایت کرنے والے بی آر ایس لیڈر کے خلاف ہی جھوٹا مقدمہ درج کردیا، جس کے بعد دلبرداشتہ ہوکر کنٹیا نے خودکشی کرلی۔ اس کی موت کیلئے پولیس اور حکومت ذمہ دار ہے۔ بی آر ایس برسراقتدار آنے کے بعد ان سب سے چن چن کر حساب لیا جائے گا۔ 2